Wednesday , August 22 2018
Home / جرائم و حادثات / دکن کلب کے چار ملازمین کو جیل،دھوکہ دہی اور غبن کا الزام ، تکارام گیٹ پولیس کی کارروائی

دکن کلب کے چار ملازمین کو جیل،دھوکہ دہی اور غبن کا الزام ، تکارام گیٹ پولیس کی کارروائی

حیدرآباد۔ 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) تکا رام گیٹ پولیس نے سکندرآباد دکن کلب کے چار ملازمین بشمول کلب کے سیکریٹری کو دھوکہ دہی اور غبن کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی بی سومیتی نے بتایا کہ دکن کلب کے صدر اویناش گپتا نے پولیس تکارام گیٹ میں شکایت درج کرائی جس میں یہ بتایا کہ سالانہ آڈیٹنگ کے دوران کلب کے کھاتوں میں بھاری غبن کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے اس درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی مجرمانہ سازش اور دیگر دفعات کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا ہے کہ کلب کے سیکریٹری جی رمیش ریڈی نے اپنے تین ساتھی ملازمین 32 سالہ اسم کمار مائتی (سسٹم ایڈمنسٹریٹر)، شریمتی وی ونجو لتا (اکاؤنٹنٹ) اور 46 سالہ وی ناگیندر بابو (سابق خازن) کی مدد سے کلب کے 1.5 کروڑ روپئے کی رقم کا غبن کیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ کلب سیکریٹری گزشتہ تین سال سے کلب کی لاکھوں روپئے کی رقم ہڑپ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کلب کے سسٹم ایڈمنسٹریٹر، اکاؤنٹنٹ اور سابق خازن کی مدد سے رکنیت کی رقم اور ارکان کی جانب سے کھانے، شراب اور آئٹمس کیلئے ادا کی جانے والی رقومات میں بھی دھاندلی کی اور بعض ارکان کو کچی رسید بھی جاری کی اور رقم کلب کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرائی۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران ملزمین کے بینک کھاتوں کا تفصیلی تجزیہ کیا جس میں لاکھوں روپئے کے فکسڈ ڈپازٹس اور رقومات جمع کرنے کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔

TOPPOPULARRECENT