Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / دھرنا چوک کی برقراری کیلئے مداخلت کی خواہش

دھرنا چوک کی برقراری کیلئے مداخلت کی خواہش

حکومت تمام محاذوں پر ناکام، تلگو دیشم وفد کی گورنر سے نمائندگی
حیدرآباد۔ 25 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے دھرنا چوک واقع اندرا پارک کو جوں کا توں برقرار رکھنے گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن سے مداخلت کی خواہش کی۔ پارٹی کے ایک وفد نے ایل رمنا صدر کی قیادت میں آج شام راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی۔ وفد میں آر چندر شیکھر ریڈی رکن پولیٹ بیورو، ای پیدی ریڈی جنرل سیکریٹری، اروند کمار گوڑ، امرناتھ بابو، محمد تاج الدین صدر مائناریٹی سیل، ایم این سرینواس صدر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر قائدین شامل تھے۔ گورنر کو وفد نے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی جس میں بتایا گیا کہ حکومت تلنگانہ کے آمرانہ رویہ کے تعلق سے گزشتہ عرصہ کے دوران متعدد مرتبہ آپ کی توجہ مبذول کروائی گئی، اس کے باوجود حکومت کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ وفد نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔ کسان نفع بخش قیمتیں حاصل نہ ہونے سے نہ صرف پریشان ہیں بلکہ خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ ایک لاکھ ملازمتیں دینے کا وعدہ صرف زبانی اعلان تک محدود ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات سے متعلق اعلامیے جاری کئے جارہے ہیں لیکن ان اعلامیوں کو منسوخ کردیا جارہا ہے۔ اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے سے متعلق ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں لانے کیلئے کئی مرتبہ اعلانات کئے گئے لیکن آج تک کوئی ڈی ایس سی منعقد نہیں ہوسکا۔ اسی طرح تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے لہذا فی الفور ڈی ایس کا انعقاد عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ ان قائدین نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں تقررات عمل میں لانے کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا، لیکن آج تک کوئی تقررات عمل میں نہیں لائے گئے لہذا گورنر سے اس یادداشت کا تفصیلی جائزہ لینے اور موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT