Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / دھونی، محدود اوورس کیلئے تیار، ٹی 20 پر توجہ مرکوز

دھونی، محدود اوورس کیلئے تیار، ٹی 20 پر توجہ مرکوز

جنوبی افریقہ کیخلاف ونڈے اور ٹی 20 کیلئے نئی ٹیم کے انتخاب کی تیاریاں
بنگلور 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) محدود اوورس کے میچوں کیلئے ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی تین ماہ کے وقفہ کے بعد واپس آگئے ہیں۔ اس دوران ہندوستانی سلیکٹرس جنوبی افریقہ کے خلاف 2 اکٹوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 انٹرنیشنل اور ونڈے انٹرنیشنل سیریز کے لئے ٹیم کا انتخاب کررہے ہیں۔ امکان ہے کہ سلیکٹرس پہلے تین ونڈے انٹرنیشنل میچوں اور ٹی ۔ 20 کیلئے ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ سیریز کا آغاز ٹی 20 میچوں کی سیریز سے ہوگا چنانچہ ہندوستان میں پانچ ماہ کے وقفہ کے بعد منعقد شدنی ٹی 20 ٹیم پر دھونی اور سلیکٹرس کی توجہ مرکوز رہے گی۔ توسیعی پریکٹس سیشن کے طور پر دھونی نے دو دن قبل لندن کے اوول میں ایک چیریٹی میچ کی قیادت کی اور اپنی ٹیم کو 38 رن سے کامیابی دلائی۔ ہندوستان نے محدود اوورس کا آخری میچ زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔ دوسری ٹیم کی قیادت کے لئے اجنکیا رہانے کو منتخب کیا گیا تھا اور پہلی ٹیم کے ساتھ کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اب چونکہ دھونی، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، روہت شرما، روی چندرا اشوین تمام کے تمام فٹ اور دستیاب ہیں چنانچہ باور کیا جاتا ہے کہ چند جونیر کھلاڑیوں کو سبکدوش کرتے ہوئے سینئر اسٹار کیلئے راہ ہموار کی جائے گی۔ شکھر دکھون ہاتھ پر فریکچر سے دوچار ہیں جن کا فٹنس ٹسٹ کیا جائے گا۔ اوپنر مرلی وجئے جو ٹسٹ اسپیشلسٹ بن گئے ہیں، زمبابوے کے دورہ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور توقع  ہے کہ اُنھیں محدود اوورس کے کھیل میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اجنکیا رہانے کے بجائے امبانی رایوڈو اب دھونی کے لئے ایک اچھی پسند ہوسکتے ہیں۔ ٹی 20 میں بہتر کھیل کے حامل کیدار جادھو اور منیش پانڈے بھی نئی ٹیم میں شمولیت کی توقع کرسکتے ہیں۔ پنجاب کے گرکیرت سنگھ اور کرناٹک کے میانک اگروال جیسے دو نئے چہرے بھی آئندہ ٹیم کے لئے اہم دعویدار ہوسکتے ہیں جو انڈیا اے کے لئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ اشوین کی شمولیت اگرچہ یقینی سمجھی جارہی ہے لیکن یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ آیا ہربھجن سنگھ کو دوسرے اسپنر کے طور پر منتخب کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT