Thursday , April 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / دھونی پر تنقید سے پہلے اپنے کیریئر پر نظر ڈالیں:شاستری

دھونی پر تنقید سے پہلے اپنے کیریئر پر نظر ڈالیں:شاستری

کولکتہ ۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری نے ایک مرتبہ پھر سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی حمایت کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوئی رائے دینے سے قبل اپنے کیریئر پر نظر دوڑائیں۔روی شاستری نے 36 سالہ دھونی کو ’لیجنڈ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اس وقت بھی وکٹوں کے پیچھے ان سے بہتر کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد دھونی کی ٹیم میں موجودگی کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہوچکی ہے اورکئی سابق کھلاڑیوں نے دھونی کو ٹیم پر بوجھ تک قرار دیا تھا۔سابق کرکٹرز وی وی ایس لکشمن اور اجیت اگرکر نے ٹی20 ٹیم میں دھونی کی جگہ پر سوالات اٹھاتے ہوئے انہیں اس فارمیٹ سے سبکدوش ہوجانے اور نوجوانوں کو موقع دینے کا مشورہ دیا۔دھونی پر مستقل تنقید پر برہم روی شاستری نے کہا کہ لوگ بیان دینے سے قبل اپنے کیریئر پر ایک نظر ضرور ڈال لیا کریں۔ سابق کپتان دھونی میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اب یہ ٹیم کی ذمے داری ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ وکٹوں کے پیچھے آج بھی ان سے بہتر کرکٹر کوئی نہیں اور میدان میں حاضر دماغی اور بیٹنگ میں بہترین کارکردگی میں آج بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔اس سے قبل بھی روی شاستری دھونی کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ دھونی سے ’حسد‘ کرنے والے چاہتے ہیں کہ ان کے کیریئر کا جلد ہی اختتام ہو جائے۔ ٹیم کے موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی دھونی پر ہونے والی تنقید کو نامناسب قرار دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ مہندرا سنگھ دھونی ہندوستانکو ہر میچ نہیں جتوا سکتے۔

TOPPOPULARRECENT