Thursday , December 14 2017
Home / جرائم و حادثات / دھوکہ بازوں کی بین ریاستی ٹولی گرفتار

دھوکہ بازوں کی بین ریاستی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے کلثوم پورہ پولیس کی مدد سے بین ریاستی دھوکہ بازوں کی کورچہ ٹولی کو شیموگہ (کرناٹک) سے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے نقلی اشرفیاں برآمد کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ کلثوم پورہ کے ساکن سائی کمار نے ایک شکایت درج کرتے ہوئے یہ بتایا کہ اُسے ایک گمنام نمبر سے فون موصول ہوا تھا اور دھوکہ باز خود کو رمیش ظاہر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیاکہ اُس کا تعلق شیموگہ (کرناٹک) سے ہے اور اُس کے گاؤں میں کھدائی کے دوران دو کیلو اشرفیاں جن کی مالیت 50 لاکھ روپئے ہے برآمد ہوئے ہیں اور وہ اُنھیں کم دام پر فروخت کرنا چاہتا ہے۔ دھوکہ باز کی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے سائی کمار شیموگہ (کرناٹک) پہونچ کر اُس سے 4 اشرفیاں حاصل کیں اور اُنھیں شہر منتقل کیا اور بیگم بازار کے ایک سنار کے پاس اس کی تصدیق کے لئے لے گیا جہاں پر اشرفیاں نقلی ہونے کا پتہ چلا۔ سی سی ایس نے موبائیل فون نمبر کی مدد سے اس کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے دو دھوکہ بازوں اومیش نرسمہپا اور ایچ کے شرت کو شیموگہ (کرناٹک) سے گرفتار کرلیا اور اُنھیں شہر منتقل کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ مسٹر موہنتی نے بتایا کہ مذکورہ ٹولی کورچہ دھوکہ بازوں کی ٹولی کی حیثیت سے جانی جاتی ہے جو سابق میں وینکٹیشور راؤ نامی شخص کو اسی قسم کا دھوکہ دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT