Thursday , October 18 2018
Home / جرائم و حادثات / دھوکہ باز ٹولی ’ کورچا گینگ ‘ کا سرغنہ گرفتار

دھوکہ باز ٹولی ’ کورچا گینگ ‘ کا سرغنہ گرفتار

حیدرآباد ۔ /19 ڈسمبر (سیاست نیوز ) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی اسپیشل ٹیم نے کلثوم پورہ پولیس کی مدد سے دھوکہ باز ٹولی ’’کورچا گینگ‘‘ کے سرغنہ سانتاکمار کو کرناٹک سے گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ محمد عبدالباری نے بتایا کہ کورچا ٹولی عوام کو خزانہ دلانے کے بہانے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 36 سالہ شانتا کمار عرف رمیش ہے جس کا تعلق ضلع داواناگری کرناٹک سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء گوڑہ کے ساکن پی سائی کمار کو ایک فون کال موصول ہوا اور اجنبی شخص خود کو رمیش ظاہر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اسے جانتا ہے اور اس کے آبائی مقام میں اراضی کی کھدوائی کے دوران خزانہ کی ایک ہنڈی برآمد ہوئی جس میں دو کیلو سے زائد سونا دستیاب ہوا ہے ۔ معاشی پریشانیوں کے سبب وہ خزانہ کا سونا فروخت کرنا چاہتا ہے ۔ دھوکہ بازوں کی باتوں میں آکر سائی کمار نے کرناٹک کے علاقہ شیموگہ پہونچ کر رمیش سے ملاقات کی جہاں پر اس کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے ۔ رمیش نے سائی کمار کو تھیلے میں پیتل کے ٹکڑے دیئے جس کے عوض دھوکہ بازوں کو 8 لاکھ روپئے فراہم کئے گئے ۔ شہر پہونچنے کے بعد درخواست گزار نے خزانے کے سونے کی جانچ کی جہاں پر اسے یہ معلوم ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوا ہے اور اسے خزانہ کا سونا نہیں بلکہ پیتل کے ٹکڑے دیئے گئے ہیں ۔ مسٹر باری نے بتایا کہ سانتا کمار کی تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ اس نے لنگر حوض ، ایس آر نگر ، ملک پیٹ کے علاوہ آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں میں عوام کو نشانہ بناتے ہوئے ان سے لاکھوں روپئے رقم ہڑپ لی تھی ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔

TOPPOPULARRECENT