Wednesday , October 17 2018
Home / دنیا / دھکے پہ دھکا: ٹرمپ کے اعلیٰ سطحی معاشی مشیر مستعفی

دھکے پہ دھکا: ٹرمپ کے اعلیٰ سطحی معاشی مشیر مستعفی

واشنگٹن۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤز کے اعلیٰ سطحی معاشی مشیر گیری کوہن نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ تجارتی پالیسی پر پائے جانے والے اختلافات کی بنیاد پر آج اپنا استعفی پیش کردیا۔ 57 سالہ کوہن جو گولڈمین ساچ کے سابق ایگزیکٹیو ہیں، نے آج بطور وائیٹ ہاؤس نیشنل اکنامک کونسل ڈائریکٹر اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ انہوں نے ٹرمپ کے فولاد کی درآمد پر 25% ٹیکس اور الومینیم کی درآمد پر 10% ٹیکس عائد کرنے کی مخالفت کی تھی، البتہ وائیٹ ہاؤز کی جانب سے کوہن کے استعفی کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی۔ اب تک وائیٹ ہاؤس سے ان کے اخراج کی قطعی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا جبکہ یہ باور بھی کیا جارہا ہے کہ کوہن اندرون ایک ہفتہ وائیٹ ہاؤس سے رخصت ہوجائیں گے۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وائیٹ ہاؤس میں کوئی افراتفری کاعالم نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب ہر طرف یہ چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ کے بیشتر عہدیدار ٹرمپ انتظامیہ سے علیحدہ ہونے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ وائیٹ ہاؤس کی ایک نیوز کانفرنس میں ٹرمپ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وائیٹ ہاؤز میں اب بھی توانائی موجود ہے۔ یہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور کچھ کر دکھانے کے لئے ایک بہترین مقام ہے۔ ہر کوئی وائیٹ ہاوس سے وابستہ ہونے کا خواہاں ہے اور یہاں کام کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگ اپنا کام چھوڑ دینا چاہتے ہیں اور ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں کام کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ وائیٹ ہاؤس سے ٹرمپ کے اب تک کئی اعلیٰ سطحی عہدیدار یکے بعد دیگرے مستعفی ہوکر چلے گئے۔

TOPPOPULARRECENT