Saturday , May 26 2018
Home / دنیا / دہشت گردوں کو شکست دینے پاکستان نئے مواقع استعمال کرے: امریکہ

دہشت گردوں کو شکست دینے پاکستان نئے مواقع استعمال کرے: امریکہ

واشنگٹن،5مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو بہتر بنانے کے اشارے کے بعد پنٹگان کی جانب سے اسلام آباد کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ جنوبی ایشیائی خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک اہم موڑ تک پہنچ چکی ہے اور اس موقع کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست دینی چاہیے ۔’ڈان’ کے مطابق واشنگٹن میں پنٹگان چیف کی ترجمان ڈانا ڈبلیو وائٹ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کے حوالہ سے ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان مزید کام (ڈو مور) کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم موڑ ہے اور پاکستان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ مزید اقدام کرے کیونکہ وہ دہشت گردی سے متاثر ہے لہٰذا ہم ان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ کہاں مواقع دستیاب ہیں۔بریفنگ کے دوران جب افغان حکومت کی جانب سے طالبان کو مذاکرات کی دعوت پر پاکستان کے خیر مقدم کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو دہشت گردی اور تشدد کو ترک کرنا ہوگا اور افغانستان کے آئین کی حمایت کرنی ہوگی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینئر ساتھی لیزا کرٹس نے اچانک اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کی اہم قیادت سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد پاکستان کی معتمد خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا بھی واشنگٹن کا دورہ ہونے والا ہے ، جس کا آغاز منگل سے ہوگا۔اس حوالہ سے حکام نے تصدیقی کی کہ اپنے دورہ کے دوران تہمینہ جنجوعہ وائٹ ہاؤس اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام سے ملاقات کریں گی جبکہ امن کے لیے بنائے گئے امریکی ادارے کے ماہرین سے بھی خطاب کریں گی۔ موصوفہ وائٹ ہاؤس میں جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی قومی سلامتی کونسل کی سینئر ڈائرکٹر لیزا کرٹس سے ملاقات کریں گی۔یاد رہے کہ لیزا کرٹس نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان کے نئے تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا

TOPPOPULARRECENT