Monday , November 20 2017
Home / دنیا / دہشت گردوں کو نیوکلئیر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ضروری

دہشت گردوں کو نیوکلئیر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ضروری

عالمی برادری کے مزید اقدامات پر زور ۔ نیوکلئیر چوٹی کانفرنس کے بعد اعلامیہ کی اجرائی

واشنگٹن 2 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نان اسٹیٹ ایکٹرس (غیرمملکتی عناصر ) کو نیوکلئیر مادے حاصل کرنے سے روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ عالمی قائدین نے امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے منعقد ہ ایک چوٹی کانفرنس کے بعد یہ اعلامیہ جاری کیا ۔ اوباما نے ہندوستان و پاکستان سے بھی کہا کہ وہ اپنے نیوکلئیر ہتھیاروں میں تخفیف کریں۔ نیوکلئیر سکیوریٹی چوٹی کانفرنس میں دنیا بھر سے زائد از 50 قائدین نے شرکت کی ۔ انہوں نے نیوکلئیر اور ریڈیالوجیکل دہشت گردی کے خطرہ کو بین الاقوامی سکیوریٹی کیلئے ایک سنگین خطرہ اور چیلنج قرار دیا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ خطرہ مستقل صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ دو روزہ چوٹی کانفرنس کے اختتام کے بعد بارک اوباما نے کہا کہ ہندوستان و پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے نیوکلئیر ہتھیاروں کی تخفیف کی سمت پیشرفت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ غلط سمتوں میں سفر کو مزید آگے نہ بڑھائیں۔ اوباما نے کہا کہ نیوکلئیر ہتھیاروں کی تخفیف کے معاملہ میں ہمارے لئے بڑا چیلنج یہ ہے کہ جب تک امریکہ اور روس اس کیلئے تیار نہیں ہوتے دوسروں کو تیار کرنا مشکل ہوگا ۔

امریکہ اور روس کے پاس سب سے زیادہ نیوکلئیر ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو دوسرا خطہ ایسا ہے جس پر ہمیں توجہ کرنے کی ضرورت ہے وہ پاکستان اور ہندوستان کا ہے ۔ اس ذیلی براعظم میں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ فوجی ضرورتوں کے معاملہ میں ان کا سفر غلط سمت میں جاری نہ رہے ۔ اوباما کے ریمارکس ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کے نیوکلئیرہتھیاروں میں ہو رہے اضافہ پر تشویش سے متعلق تھے ۔ گزشتہ مہینے امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے امریکہ اور روس کی مثال پیش کی تھی اور کہا تھا کہ ’نان اسٹیٹ ایکٹرز‘ کو نیوکلئیر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا عہد رکھتے ہیں کہ نیوکلئیر دہشت گردی کے خطرات کو کم سے کم کرتے ہوئے بین الاقوامی ماحول کو مزید پرسکون و پرامن بنائیں۔ سکیوریٹی چوٹی کانفرنس میں عالمی قائدین نے مزید کہا کہ وہ تمام ممالک کی اس بنیادی ذمہ داری کا اعادہ کرتے ہیں کہ نیوکلئیر ہتھیاروں اور سہولیات کو نیوکلئیر مواد و مادوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کو اس تعلق سے اطلاعات کا تبادلہ بھی عمل میں لانے کی ضرورت ہے ۔

TOPPOPULARRECENT