Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / دہشت گردی و در اندازی ‘پاکستانی ایکسپورٹس

دہشت گردی و در اندازی ‘پاکستانی ایکسپورٹس

جموں و کشمیر کو ساز و سامان روانہ کرنے کی تجویز مسترد ‘ ہندوستان
نئی دہلی 14 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے ‘ جموں و کشمیر کو ساز و سامان روانہ کرنے پاکستان کی تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیا اور سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی اس ملک سے اس کے ٹریڈ مارک ایکسپورٹس بہت ہوگئے ہیں جن میں دہشت گردی اور دراندازی بھی شامل ہے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی پاکستان نے ایک نوٹ روانہ کرتے ہوئے تجویز کیا تھا کہ وہ جموں و کشمیر کو ساز و سامان روانہ کرنے تیار ہے ۔ وزارت خارجہ ہند نے پاکستان کے اس پیام کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے ہائی کمیشن کو ایک پیام دیا گیا تھا ۔ اس میں ہندوستانی ریاست جموں و کشمیر کو ساز و سامان روانہ کرنے کی بات کہی گئی تھی ۔ وہ صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ یہ تجویز مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور علاقہ کے دوسرے ممالک کو پاکستان کے ٹریڈ مارک ایکسپورٹس بہت مل چکے ہیں جن میں بین الاقوامی دہشت گردی ‘ سرحد پار سے در اندازی ‘ ہتھیار ‘ منشیات اور نقلی کرنسی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔ آج پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر ممنون حسین نے بھی اپنی تقریر میں مسئلہ کشمیر کا تذکرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کا ملک کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کی تائید و حمایت جاری رکھے گا ۔

TOPPOPULARRECENT