Friday , November 24 2017
Home / ہندوستان / دہشت گردی کے الزام میں گرفتار نوجوان باعزت بری

دہشت گردی کے الزام میں گرفتار نوجوان باعزت بری

ملک میں بم دھماکے کرنے والے اصل مجرم کہاں ہیں؟ مولانا ارشد مدنی
ستارا (مہاراشٹر)۔ 7 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )  آج ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے ،ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو فرقہ پرست طاقتیں سبو تاج کرنے پر تلی ہوئی ہیں ۔اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء ہند کے صدر جانشین شیخ الاسلام مولانا سید ارشد مدنی نے ستارا میں منعقدہ کانفرنس میں ہزاروں کے مجمع سے خطاب کے دوران کیا ۔مولانا ارشد مدنی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ووٹ کی سیاست ملک میں نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کے مترادف ہے ،یہ حالات ملک کو تنزلی کی طرف لے جانے والے ہیں ،اس کی حفاظت کرنا ملک کے عوام پر لازم ہے ۔ورنہ اس سے ملک کااقلیتی طبقہ سمیت اکثریتی طبقہ بھی بری طرح متاثر ہوگا ۔مولانا ارشدمدنی نے صاف لفظوں میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کوئی سیاسی جماعتنہیں ہے اور اس کو اس بات سے کوئی واسطہ نہیں ہے کہ کرسی اقتدار پر کون بیٹھتا ہے اور کو ن اترتا ہے ،جمعیۃ علماء ہند اپنی یہ آواز ملک و ملت کی خیر خواہی اور بھلائی کے جذبہ سے لگا رہی ہے اور اس کو اپنا مذہبی فریضہ سمجھتی ہے اور تاریخ کے ہر موڑ پر جمعیۃ علماء ہند کے بزرگوں نے اپنا یہ فریضہ انجام دیا ہے ،

جس کی پاداش میں ان کو غیروں اور اپنوں کی لعن و طعن کو بھی برداشت کرنا پڑا ہے ،مگر ہم ملک کے سنگین نتائج سے عوام کو باخبر کرتے رہیں گے اور پیغام محبت کی شمع ملک کے کونے کونے میں جلاتے رہیں گے ۔مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ ہندوستان بھر میں کئی بے قصور نوجوانوں کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، ان کے خلاف مقدمات چلائے گئے اور 10 تا 12 سال عدالتی کارروائی کے بعد انھیں باعزت رہا کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اگر یہ نوجوان بے قصور ہیں تو پھر ملک میں بم دھماکے کرنے والے اصل مجرم کہاں ہیں ؟ انھوں نے کہاکہ ملک کو فرقہ پرستی کی راہ پر لانے والے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہونچانا ضروری ہے ۔ دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے نفرت کا جو ماحول تیار کیا جارہا ہے وہ ہمارے جمہوری ملک کے مفاد میں نہیں ۔ فرقہ پرست طاقتیں ملک کے سیکولرازم کو تباہ کرنا چاہتی ہیں ، ایسے میں سیکولر طاقتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ متحد ہوکر ان کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنائے۔ انھوں نے دہشت گردی کے الزامات پر    بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT