Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر حج مشن مکمل

دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر حج مشن مکمل

رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیموں، حکومتی ایجنسیوں کے کام کی ستائش : عرفان احمد
نئی دہلی ۔ 12 (سیاست ڈاٹ کام) حج 2018 کیلئے دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا سفر کرنے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ حج مکمل ہونے کے بعد سے ہی جاری ہے۔ کل دہلی امبارکیشن پوائنٹ کے حج ٹرمنل پر حج کمیٹی کے ذمہ داران اور رضاکارانہ تنطیموں نے دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے سفر کرنے والے حجاج کرام کے آخری قافلہ کا استقبال کیا اور اس طرح اس پوائنٹ پر حج 2018ء مشن بخیروخوبی مکمل ہوا۔ آخری قافلہ کی وطن واپسی کے ساتھ ہی دہلی ایرپورٹ پر حج امور میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی غیرسرکاری تنظیموں، حکومتی ایجنسیوں اور دیگر رضاکاروں کی خدمات کو سراہنے کیلئے ان کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اشوک تیاگی رہے جبکہ صدارت حج کمیٹی آف انڈیا کے ممبر اور دہلی امبارکیشن پوائنٹ کے کوآرڈینیٹر عرفان احمد نے کی۔ عرفان احمد نے اخبارات کو جاری بیان میں بتایا کہ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر حجاج کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے اور حاجیوں کو اپنے سفر کے دوران کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کا پورا خیال رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ الحمدللہ ہمیں کسی طرح کی کوئی شکایت حاجیوں سے موصول نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کسی حاجی کے سامان گم ہونے کی اطلاع ہے۔ عرفان احمد نے بتایا کہ حج مشن کے انتظامات میں جہاں مرکزی حج کمیٹی اور وزارت اقلیتی امور کے انتظامات کے ذریعہ حجاج کرام کی خدمت کرنے میں سہولت ہوتی ہے وہیں بہت بڑا تعاون حکومت کی دیگر ایجنسیوں سے بھی حج کمیٹی کو ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان ایجنسیوں میں ایرپورٹ پر سیکوریٹی سے لیکر حاجیوں کی فلائیٹ اور دیگر سہولیات بہم پہنچانے میں دہلی پولیس، جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، کسٹم، امیگریشن اور ڈائیل جیسی ایجنسیوں کا بھرپور تعاون ہمیں ملتا ہے اس کے ساتھ حاجیوں کی سہولیات اور ان کی خدمات میں رضاکارانہ تعاون کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں بھی پیش پیش رہتی ہیں جن کا ہم نہ صرف شکریہ ادا کرتے ہیں بلکہ ان کی خدمات کو دل سے سلام پیش کرتے ہیں۔ عرفان احمد نے خصوصیت کے ساتھ مرکزی اقلیتی امور کے وزیرمختار عباس نقوی کی حج مشن میں خصوصی دلچسپی اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیرموصوف کی ذاتی محنت اور لگن کی وجہ سے حج مشن انجام دینے میں ہمیں خصوصی تعاون ملتا ہے اور اسی وجہ سے سال در سال حج انتظامات بہتر ہوتے جارہے ہیں۔ غور طلب ہیکہ اس تقریب کے موقع پر حج مشن میں تعاون دینے والی تنظیموں اور ایجنسیوں کی خدمات کی تعریف میں تقریباً 300 توصیفی سند اور مومنٹو پیش کئے گئے۔ تقریب کے موقع پر جن اہم شخصیات کی شرکت رہی ان میں طارق کمال، پالن کپ، ہیمنت گلاٹی، پوجا پنج، دنیش جی، ڈاکٹر انیس، ڈی سی کسٹم مشراجی، اے ایف آر آر او پی کے جھا، شان عالم، جمیل ملک، صابر سیفیڈ ڈاکٹر، زینت جمال انصاری، سرفراز علی، احسان خان اور دلشاد احمد کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا کیلئے میڈیا خدمات انجام دینے کیلئے عبدالباسط کو بھی مومنٹو اور توصیفی سند دیکر ہمت افزائی کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT