Wednesday , June 20 2018
Home / سیاسیات / دہلی معاملہ :کانگریس کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

دہلی معاملہ :کانگریس کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

نئی دہلی۔ 21 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی لیڈران پر مشتمل ایک وفد نے دہلی چیف سکریٹری انشو پرکاش سے مبینہ طور پر بدسلوکی معاملہ میں آج لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے ملاقات کی اور اس معاملہ میں عآپ پارٹی سے معافی کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس وفد جس کی قیادت دہلی کانگریس صدر اجے ماکن اور سابق وزیر اعلی دہلی شیلا ڈکشت کر رہی تھیں، نے مطالبہ کیا کہ دہلی حکومت کے افسران کو مناسب حفاظتی انتظامات فراہم کئے جائیں اور اس معاملہ میں قصوروار افراد کو سزا دی جائے ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیلا ڈکشت نے کہا کہ دہلی حکومت کو اس معاملہ میں معافی مانگنی چاہئے ۔وفد میں شریک دیگر ارکان میں دہلی کانگریس کے سابق صدر اروندر سنگھ لولی، سابق دہلی وزیر ہارون یوسف اور سابق دہلی اسمبلی اسپیکر یوگا نند شاستری شامل تھے ۔بعد میں اجے ماکن نے ٹویٹر پر لکھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ دہلی افسران کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے اور خاطیوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ کجریوال کو معافی مانگنی چاہئے ۔ دہلی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔اجئے ماکن نے منگل کو یہ الزام لگایا کہ دہلی حکومت کو بجٹ پیش کرنے میں بمشکل ایک ہفتہ رہ گیا ہے ۔ اور اس طرح کی حرکت وزیر اعلی کی شہ پر حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے کی جارہی ہے تاکہ نوکرشاہی کو موردالزام ٹہرایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتظامی طور پر معذور ہوچکی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT