Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / دہلی میں اتوار کو تمام گاڑیاں چلانے کی اجازت

دہلی میں اتوار کو تمام گاڑیاں چلانے کی اجازت

کجریوال کے فارمولہ کو قطعیت دینے کا کام جاری : وزیرداخلہ
نئی دہلی۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی حکومت نے آج یہ اعلان کیا ہیکہ جفت اور طاق اعداد کی نمبر والی کاروں کو اتوار کے دن چلانے کی اجازت رہے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کیلئے فارمولے پر عمل آوری دہلی پولیس کی ذمہ داری ہے۔ دہلی کے وزیرداخلہ ستیندر جین نے کہا کہ حکومت نے اس لائحہ عمل کو قطعیت دینے کیلئے سلسلہ وار ملاقاتوں کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر اروند کجریوال کے منصوبہ کے مطابق جفت اعداد والی گاڑیوں کو پیر، چہارشنبہ اور جمعہ کو سڑکوں پر چلانے کی اجازت رہے گی۔ اسی طرح طاق اعداد کی حامل گاڑیاں دیگر ایام منگل، جمعرات اور ہفتہ کو چلائی جائیں گی۔ اتوار کو تمام گاڑیاں سڑک پر چلانے کی اجازت رہے گی۔ حکومت کی جانب سے ایمرجنسی گاڑیوں جیسے فائر ٹنڈرس، ایمبولنس اور پی سی آر ویان کو کسی بھی وقت چلانے کی اجازت رہے گی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اتوار کے دن تمام گاڑیاں چلانے کی اجازت اس لئے دی جارہی ہے کیونکہ عام طور پر اس دن سڑکوں پر زیادہ ٹریفک نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمولہ پر عمل آوری کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے ہمارے پاس کافی وقت ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ دہلی پولیس کو اس فارمولہ کے بارے میں واقف کرایاگیا ہے تو انہوں نے کہا کہ پولیس حکومت کا ایک حصہ ہے۔ وہ حکومت نہیں ہے۔ حکومت کے قانون پر عمل آوری پولیس کی ذمہ داری ہے۔

TOPPOPULARRECENT