Sunday , February 25 2018
Home / Top Stories / دہلی میں جو کام 70سال میں نہیں ہوا ‘ہم نے 3سال میں کردکھایا

دہلی میں جو کام 70سال میں نہیں ہوا ‘ہم نے 3سال میں کردکھایا

عآپ حکومت کے تین سال کی تکمیل پر کجریوال کا دعویٰ ۔ صحت ‘ تعلیم ‘ رعایتی برقی اور بدعنوانی میں کمی اہم کارنامے
نئی دہلی، 14 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے اپنی حکومت کی کامیابیاں اور ترقیاتی کام گنواتے ہوئے کہا کہ راجدھانی میں جو کام 70 سال میں ہوئے ہیں اتنے کام ان کی حکومت نے محض 3 سال میں پورا کرکے دکھا دیا۔عآپ سرکار کے تین سال پورا ہونے کے موقع پر آج یہاں ایک پروگرام میں کجریوال نے دعوی کیا کہ صحت کے محکمہ میں جو کام 70 سال میں ہوئے ، اتنا کام ان کی حکومت نے محض تین سال میں کردکھایا۔ انہوں نے اس کے علاوہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کی سطح میں بہتری ، کفایتی بجلی اور کسانوں کے لئے بڑھے معاوضہ کا بھی ذکر کیا۔کجریوال نے کہا کہ دہلی میں 164 محلہ کلینک بن کر تیارہوچکے ہیں اور 786 محلہ کلینک بن رہے ہیں۔ اس طرح چند مہینوں میں 950 محلہ کلینک تیار ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالوں میں دہلی کے سرکاری اسپتالوں میں 10ہزار بیڈ تھے ، اس سال کے آخر تک 3000بیڈ مزید تیار ہوجائیں گے ۔ اگلے سال تک 2500 بیڈ تیار ہوجائیں گے ۔ بیڈ کی مجموعی تعداد میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ہم چار سال میں پچھلے 70 سال کے مقابلے 50 فیصد بیڈ بڑھا دیں گے ۔کجریوال نے کہا کہ دہلی ملک کی واحد ریاست ہے جہاں سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج، دوا، جانچ اور سرجری کی سہولیات مہیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہوگئی ہے اس لئے حکومت نے اپنے خرچ پر پرائیویٹ اسپتالوں میں جانچ کی سہولیت مہیا کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے 67 پرائیویٹ لیب میں جانچ کی یہ سہولت دی گئی ہے جس کا پورا خرچ حکومت برداشت کرتی ہے ۔اس کے علاوہ اگر کسی مریض کو کسی سرکاری اسپتال میں ایک مہینہ کے اندر سرجری نہیں ہو پاتی ہے تو ایسا مریض سرکار کی لسٹ میں شامل 44 پرائیویٹ اسپتالوں میں سے کسی بھی اسپتال میں سرجری کرواسکتا ہے ۔سرجری کا پورا خرچ حکومت دے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ان کے تین سال کے دور حکومت میں سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی میں 33 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔کجریوال نے مزید بتایا کہ راجدھانی میں سپر اسپیشیلاٹی اور ملٹی اسپیشیلٹی اسپتالوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ ان کی حکومت نے لوگوں صحت کے تعلق سے تین سطح کی سہولیات فراہم کی ہیں جن میں محلہ کلینک، پالی کلینک اور سپراسپیشیلٹی مراکز شامل ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ رارالحکومتمیں رہنے والے لوگوں کی صحت پر دہلی حکومت نے 12فیصد بجٹ میں اضافہ کی بھی پیش کش کی ہے ۔ اور تعلیم کے میدان میں ایک نیا ماڈل تیار کیا جارہا ہے ۔کجریوال نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں پچھلی کانگریس نے 15 سالوں میں محض 33 اسکول کھولے تھے لیکن عٓاپ حکومت چار سال پورا ہونے تک 48 اسکول کھولے جانے کی کارروائی مکمل کرلے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں 7030 کلاسز کی تعمیر کی جاچکی ہے اور 8ہزار نئی کلاسز کی تعمیر کا کام جاری ہے جسے اس سال تک پورا کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تین سال پہلے دہلی کے لوگوں نے ایک ایماندار حکومت بنائی تھی۔ اب ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی کے لئے خرچ ہورہاہے ۔ بجلی، پانی،اسکول، محلہ کلینک،سڑکوں اور فلائی اوور وغیرہ پر پیسہ خرچ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پچھلے تین سال میں بجلی کے بل میں ایک پیسہ کا بھی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ ان کی پارٹی نے حکومت میں آتے ہی بجلی بل کو آدھا کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT