دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کا مصروف ترین دورہ

حیدرآباد /16 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دورہ دہلی کے دوسرے دن بھی آج مصروف ترین دن گذارا ۔ انہوں نے کل وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء سے ملاقات کی تھی اور آج مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کی ہے ۔ آندھراپردیش ری آرگنائزیشن ایکٹ میں ریاست آندھراپردیش کو فنڈ جاری کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ اس جانب انہوں نے جیٹلی کی توجہ مبذول کروائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ارون جیٹلی کے ساتھ آندھراپردیش کے خسارہ بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ مرکزی وزیر سوجنا چودھری ، ایم پی سی ایم رمیش اور ریاستی حکومت کے نمائندہ رام موہن راؤ کے علاوہ دیگر سینئیر عہدیدار تھے ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے اپنے دو روزہ قیام کے دوران 11 مرکزی وزراء سے ملاقات کی ہے اور نئے دارالحکومت کی تعمیر کے ساتھ ریاست کی ترقی کیلئے ان سے تعاون کی خواہش کی ہے ۔ صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنے ریاست کو خصوصی پیاکیج دینے اور نئے دارالحکومت کی تعمیر کیلئے مالی اعانت کیلئے انہوں نے نمائندگی کی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تیقن دیا کہ مرکز کی جانب سے ریاست آندھراپردیش کے تمام مسائل کی یکسوئی کیلئے تعاون کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے روزگارضامن پروگرام کیلئے 1500 کروڑ روپئے زائد مختص کرنے کا مطالبہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT