Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / دہلی میں کسانوں کے مسائل پر ریالی نکالنے کی کوشش ناکام

دہلی میں کسانوں کے مسائل پر ریالی نکالنے کی کوشش ناکام

نئی دہلی ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو کو آج اس وقت پولیس نے گرفتار کرلیا جب وہ سوراج ابھیان کے زیر اہتمام کسانوں کے مسائل پر جنترمنتر تک ریالی نکالنے کی کوشش کی ۔ پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال نے یوگیندر یادو کی کھل کر تائید کی ۔ جن کے ساتھ 4 ماہ قبل تعلقات میں داڑ آگئی تھی جس کے باعث وہ ، عام آدمی پارٹی چھوڑ کر چلے گئے ۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ آج صبح پولیس کی کارروائی کے دوران یوگیندر یادو کو زد و کوب کیا ۔ تاہم پولیس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں احتیاطی اقدام کے طور پر گرفتار کیا گیا کیوں کہ انتہائی سیکوریٹی والے علاقہ میں بغیر اجازت ریالی نکالنے کی کوشش کی گئی تھی ۔ یوگیندر یادو اور دیگر 85 والینٹرس کو شب 1-30 بجے گرفتار کرلیا گیا اور دو روزہ احتجاج کے لیے قبل از وقت پولیس سے اجازت بھی حاصل کی گئی تھی جب کہ احتجاجیوں نے کل شام بھی دہلی ریس کورس تک ریالی نکالنے کا منصوبہ بنایاتھا اور 16 اگست تک اجازت میں توسیع کے لیے کہا تھا چونکہ احتجاج کے لیے مقررہ مہلت ختم ہوگئی تھی لہذا انہیں تخلیہ کردینے کی ہدایت دی گئی ۔ ایک سینئیر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دھکم پیل میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور گرفتار احتجاجیوں کو اسپیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کردیا جائے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT