دہلی کے انتخابات میں منشیات کوئی مسئلہ نہیں

چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل کا ادعا

چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل کا ادعا
مکتسر۔/20جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے آج کہا ہے کہ مجوزہ دہلی اسمبلی انتخابات میں منشیات کی لعنت کوئی مسئلہ نہیں رہے گا اور یہ الزام عائد کیا کہ پنجاب کی رسوائی اور ریاست کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے اپوزیشن نے مذموم مہم شروع کردی ہے۔ انہوں نے یہاں سنگت درشن پروگرام میں شرکت کے بعد کہا کہ منشیات کا مسئلہ پنجاب اور نہ دہلی میں انتخابی موضوع رہے گا، یہ صرف محنت کش پنجابیوں کے امیج کو مسخ کرنے کیلئے اپوزیشن نے منظم سازش رچی ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سرحد پار سے منشیات کی سربراہی کی روک تھام اور پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے حکومت نے سخت گیر اقدامات کئے ہیں۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں شرومنی اکالی دل کی حکمت عملی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر اور ڈپٹی چیف منسٹر سکھ بیر سنگھ بادل دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں تاکہ انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی جاسکے اور اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے مقابلہ کی تیاریاں جاری ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل کے درمیان انتخابی مفاہمت پر پارٹی قائدین بہت جلد فیصلہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT