Monday , December 11 2017
Home / ہندوستان / دہلی کے ایک فلیٹ میں آگ لگنے سے چار افراد ہلاک

دہلی کے ایک فلیٹ میں آگ لگنے سے چار افراد ہلاک

نئی دہلی،9فروری(سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی دہلی کے دلشاد گارڈن علاقے میں آج ڈی ڈی اے کے ایک فلیٹ میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے ۔فائر بریگیڈ افسروں نے بتایا کہ یہ حادثہ آج صبح پیش آیا۔ان کے پاس صبح پونے چھ بجے مدد کے لئے فون کال آئی تھی ۔فوراً آٹھ فائر بریگیڈ گاڑیوں کو آگ بجھانے کے لئے بھیجا گیا۔فائر بریگیڈ افسروں کے مطابق آگ بجھانے میں تقریباً دیڑھ گھنٹہ لگ گیا ۔سات بجے آگ پر قابو پایا جاسکاہے ۔شمال مغربی دہلی کے پولس کمشنر اے کے سنگھ نے بتایا کہ ڈیڑھ سو مربع فٹ کے فلیٹ میں آگ کیسے لگی اس بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے حالانکہ ایسا لگ رہا ہے کہ یہ حادثہ ممکن حدتک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا ہے ۔حادثہ کے بارے میں متاثرہ خاندان کے کسی بھی ممبر سے پوچھ تاچھ نہیں کی جاسکی ہے کیونکہ چار افراد کی موت ہوچکی ہے اور ایک دیگر جو زندہ ہے ابھی تک بے ہوش ہے ۔اس حادثہ میں ایک خاتون کے زندہ بچنے کی اطلاع ہے لیکن اس کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے ۔پولس کے مطابق حادثے کا شکار جیسوال خاندان اپنے ڈی ڈی اے فلیٹ میں ڈرائی کلیننگ کی دوکان چلاتا تھا ۔اس حادثے کی زد میں آئے لوگوں کو جی ٹی بی اسپتال لے جایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے چارافراد کومردہ قرار دے دیا ہے ۔پولیس کمشنر کے مطابق پولس کرائم اور فورنسک ٹیم موقع پر پہنچ چکی ہے اور معائنہ کر رہی ہے۔ان کی تفتیش کے بعد ہی کچھ معلوم ہوسکے گا۔

TOPPOPULARRECENT