Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / دینی مدرسوں میں حب الوطنی کی تعلیم کیلئے آر ایس ایس کا مشورہ

دینی مدرسوں میں حب الوطنی کی تعلیم کیلئے آر ایس ایس کا مشورہ

نئی دہلی۔17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے ایک سینئر لیڈر اندریش کمار نے دینی مدرسوں میں پڑھنے والے بچوں کو محب وطن مسلم شخصیات کے واقعات سناتے ہوئے انہیں ضرورت کے مطابق ملک سے محبت اور حب الوطنی کے لئے راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ ’’انہیں (ان بچوں کو) مناسب بنیادی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ بچوں کو حب الوطنی کا درس دیا جانا چاہئے اور بہادر شاہ ظفر جیسی محب وطن مسلم شخصیات کی حیات و کارناموں سے متعلق واقعات سے واقف کروایا جانا چاہئے۔ میں تمام مولویوں، اماموں اور مولانائوں سے اپیل کروں گا کہ وہ اس ضمن میں آگے آئیں۔‘‘ اندریش کمار نے مزید کہا کہ ’’انہیں (مولویوں کو) چاہئے کہ بچوں کو دی جانے والی تربیت کے ایک حصہ کے طور پر وطن سے محبت کا درس بھی دینا چاہئے تاکہ جب کوئی لڑکا یا لڑکی مدرسہ سے فارغ التحصیل ہوتے ہیں تو اس وقت وہ ایک قوم پرست، حب الوطن کے ساتھ اسلام کے بارے میں مکمل جان کاری رکھنے والے رہیں۔‘‘اندریش کمار نے جو مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست بھی ہیں قومی دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر یہ ریمارکس کئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’انتہاء پسند‘‘ عناصر کو اب انسانی و ترقیاتی پہلوئوں جیسے مسئلہ پر بھی غور و فکر شروع کرنا چاہئے کیوں کہ اس تعلیم و تدریس اب ضروری ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ ء’’یہ دور حاضر کی ضرورت ہے اور اس کی تکمیل کی جانی چاہئے۔ یہ کام کسی تصادم سے نہیں بلکہ خوشگوار دوستانہ انداز میں کیا جانا چاہئے۔ مدرسوں کو چاہئے کہ بچوں میں قوم پرستی کے بارے میں شعور بیدار کریں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے بلکہ اس کو ترقی و ہم آہنگی کے نظریہ سے دیکھا جانا چاہئے۔ آر ایس ایس لیڈر نے بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر زور دیا کہ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کو مستحکم بنایا جائے۔

TOPPOPULARRECENT