Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / دیوالی میں تاجرین کی جی ایس ٹی ویب پورٹل کی پوجا

دیوالی میں تاجرین کی جی ایس ٹی ویب پورٹل کی پوجا

کرنسی تنسیخ کے بعد تاجرین دیوالیہ کا شکار ، جی ایس ٹی سے صنعت کار بھی پریشان حال
حیدرآباد۔19اکٹوبر(سیاست نیوز) انڈیا ڈیجیٹل ہوا یا نہیں یہ کہنا مشکل ہے لیکن جاریہ سال ہندستان میں دیوالی منانے والوں کے لئے دیوالی ڈیجیٹل ہوگئی ۔ دیوالی کے موقع پر تاجرین نے انہیں درپیش تجارتی مشکلات کو دور کرنے کے لئے جی ایس ٹی ویب پورٹل کی خصوصی پوجا کی ۔ ملک بھر میں دیوالی کے موقع پر جوش و خروش کے ساتھ لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے اور دیوالی کے دن اسٹاک مارکٹ میں مہورت کی ٹریڈنگ معمول کی بات ہے اسی طرح تاجرین اپنے کھاتوں کے علاوہ دولت کی پوجا کرتے ہیں لیکن اس مرتبہ دیوالی کو ڈیجیٹل طریقہ سے منایا گیا اور تاجرین نے ملک میں جی ایس ٹی کے نفاذ سے پیدا ہونے والی تجارتی مشکلات کو دور کرنے کے لئے جی ایس ٹی ویب پورٹل کی پوجا کی ۔ تاجرین کا کہنا ہے کہ ملک میں سال گذشتہ 8نومبر کو کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اب تک کئی تاجرین کا دیوالیہ نکال چکی ہے لیکن اس کے بعد اب جو جی ایس ٹی کے سبب حالات پیدا ہو رہے ہیں اس سے نہ صرف تاجرین بلکہ ملک کے صنعتکاروں کا بھی دیوالیہ نکلنے کو ہے اسی لئے جی ایس ٹی ویب پورٹل کی پوجا کی گئی ہے تاکہ حکومت تو اس میں سدھار نہیں لا پا رہی ہے شائد اس پوجا سے ہی جی ایس ٹی پورٹل میں سدھار آجائے۔ ملک کی مختلف ریاستوں بالخصوص دہلی‘ گجرات‘ مدھیہ پردیش ‘ اترپردیش‘ مہاراشٹرکے علاوہ بنگال میں بھی جی ایس ٹی پورٹل کی پوجا کی گئی ۔ جی ایس ٹی کے سبب تجارتی مندی کے علاوہ ملک میں دیوالی 2017کو ڈیجیٹل دیوالی اس لئے بھی کہا جا رہا ہے کہ تاجرین نے اس دیوالی کے موقع پر تحفہ تحائف کی خریداری پر توجہ نہیں دی ہے بلکہ آن لائن پر عوامی توجہ میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے بھی اس دیوالی کو ڈیجیٹل دیوالی قرار دیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیوالی جیسے تہوار کے موقع پر نقد رقومات ہاتھ میں نہ ہونے کے سبب جو شہری کریڈیٹ کارڈ کا استعمال کر سکتے تھے ان شہریوں نے کریڈٹ کا رڈ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے عزیز و اقارب کو مٹھائیاں و تحائف روانہ کئے ہیں لیکن جن کے پاس یہ سہولت نہیں ہے ان لوگوں کی خریداری میں بھی نمایاں فرق دیکھا گیا ہے ۔ گذشتہ دو یوم کے دوران بینکوں کی جانب رقوما ت کی اجرائی میں بھی کمی دیکھی گئی او رکھاتہ داروں کو آن لائن منتقلی اور ادائیگی کی تلقین کی جاتی رہی۔ اس دیوالی کے موقع پر اہل و عیال میں دیئے جانے والے تحفہ تحائف میں الکٹرانک اشیاء بالخصوص موبائیل فون اور آئی پیڈ دینے کا چلن زیادہ دیکھا گیا ۔ الکٹرانک اشیاء کے تاجرین کا کہناہے کہ ان اشیاء کے آسانی سے اقساط پر ملنے کے سبب یہ اشیاء تحفہ میں دی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT