Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / دیوالی کے موقع پر گولڈ اسکیمات کا اعلان :مودی

دیوالی کے موقع پر گولڈ اسکیمات کا اعلان :مودی

بینکوں میں سونا رکھنے پرلاکر فیس کی وصولی کے بجائے صارفین کو سود کی ادائیگی کی تجویز
نئی دہلی ۔ /25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ /11 نومبر کو منائے جانے والے تہوار دیوالی سے قبل ان کی حکومت سونے سے متعلق چند نئی اسکیمات کا اعلان کرے گی ۔ جن میں گولڈ مونٹیائیزیشن اسکیم بھی شامل ہے ۔ جس کے تحت بنکوں میں سونا ڈپازٹ کرنے پر نقد رقم کی طرح شرح سود ادا کی جائے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سونے پر حکومت کی مجوزہ نئی اسکیمات اقتصادی ترقی کو ایک نئی جہت دیں گی ۔ سونے پر شرح سود کی ادائیگی کے علاوہ ’’خود اختیار گولڈ بانڈس‘‘ اور اشوک چکر کے ساتھ طلائی سکے بھی جاری کئے جائیں گے ۔ ’’خود اختیار گولڈ بانڈس ‘‘ اسکیم کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت عوام کو ’ گولڈ بارس‘ کے بجائے سونے کی مساویانہ قیمت پر مبنی کاغذات (دستاویز) دیئے جائیں گے اور حسب ضرورت جب آپ (صارفین) یہ گولڈ بانڈس واپس کریں گے تو اس وقت کی سونے کی قیمت کے مطابق رقم ادا کی جائے گی ۔ مودی نے کہا کہ موجودہ دور میں سونے کو بیکار سرمایہ کے طور پر رکھنا بہتر نہیں ہوگا ۔ بینک لاکرس میں سونا محفوظ رکھنے پر صارفین کو لاکرس کی فیس ادا کرنا ہوتا ہے ۔ لیکن گولڈ مونٹیائیزیشن اسکیم کے تحت اب صارفین کو سونا محفوظ رکھنے پر فیس ادا کرنا نہیں ہوگا بلکہ انہیں فائدہ کے طور پر سود کی رقم حاصل ہوگی ۔ گولڈ بانڈ اسکیم کے بارے میں مودی نے کہا کہ اس سے صارفین کو سونا خریدنے یا اس کو محفوظ رکھنے کیلئے پریشانی نہیں ہوگی ۔ کیونکہ یہ محض کاغذ کا ٹکڑا ہوگا جس کے سرقہ کا کوئی ڈر باقی نہیں رہے گا ۔ مودی نے عوام سے کہا کہ وہ اپنا سونا گھر میں نہ رکھیں ۔

TOPPOPULARRECENT