Tuesday , November 13 2018
Home / جرائم و حادثات / دیپاولی پٹاخوں سے 30افراد زخمی معمر افراد کی آنکھیں متاثر

دیپاولی پٹاخوں سے 30افراد زخمی معمر افراد کی آنکھیں متاثر

سروجنی دیوی ہاسپٹل میں علاج
حیدرآباد ۔ /7 نومبر (سیاست نیوز) دیپاولی تہوار کے دوران دونوں شہروں میں 30 سے زائد افراد بشمول کمسن بچے زخمی ہوگئے ۔ تہوار کے دوران پٹاخوں کی زد میں آنے والے معمر افراد کو بھی دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ مہدی پٹنم سروجنی دیوی ہاسپٹل میں پٹاخوں سے متاثر ہونے والے 22 افراد بشمول 5 کمسن بچوں کو علاج کیلئے لایا گیا تھا ۔ وہاں کے ڈاکٹر ایم ایم بیگ نے بتایا کہ دیپاولی تہوار کے موقع پر آج دوپہر سے ہی پٹاخوں سے متاثر ہونے والے افراد کو دواخانے لایا جارہا تھا جبکہ 8 بجے کے بعد متاثر افراد کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ آٹو میں سوار خاتون پاسنجر نرسمہا کی آنکھ میں راکٹ لگنے کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی اور اس کی آنکھ کا آپریشن کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ونستھلی پورم کے ساکن 80 سالہ سرینواس مورتی بھی پڑوسیوں کی جانب سے جلائے جارہے پٹاخوں کی زد میں آگئے اور زخمی ہوگئے ۔ اس تہوار کے دوران پانچ کم عمر بچے بھی متاثر ہوگئے اور انہیں علاج کیلئے دواخانہ لایا گیا تھا ۔ ڈاکٹر ایم ایم بیگ نے کہا کہ 22 متاثرہ افراد میں 7 افراد کی آنکھ کا آپریشن کیا گیا ۔ انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ دیپاولی تہوار کے موقع پر آتشبازی کے دوران عوام چوکس رہیں اور اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں ۔ اگر باہر جانا بے انتہا ضروری ہے تو وہ حفاظتی طورپر عینک لگاسکتے ہیں ۔ اسی طرح گاندھی اور عثمانیہ ہاسپٹلس میں بھی 7 متاثرہ افراد کو لایا گیا جو آتش بازی کے دوران زخمی ہوگئے ۔

TOPPOPULARRECENT