Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / دیپیکا پڈوکون شرکت نہیں کریں گی

دیپیکا پڈوکون شرکت نہیں کریں گی

دھونی کا بھی اظہار معذرت‘ ثانیہ مرزا۔گوپی چند کو مدعو کرنے کی تجویز‘ تیاریاں تیزی سے جاری
حیدرآباد ۔ 20نومبر ( پی ٹی آئی ) فلم اداکارہ دیپیکا پڈوکون جن کی فلم پدماوتی پر تنازعہ جاری ہے اور کرکٹر ایم ایس دھونی نے حیدرآباد میں منعقد شدنی گلوبل انٹرپرینرشپ چوٹی اجلاس سے آج دستبرداری اختیار کرلی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ یہ چوٹی اجلاس 28تا 30نومبر منعقد ہورہا ہے جس میں وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ شرکت کررہے ہیں ۔ فلم پدماوتی کی ریلیز کل روک دی گئی تھی کیونکہ بعض تنظیموں نے مبینہ طور پر تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے پیش کرنے کا الزام عائد کیا اور فلم اداکارہ دیپیکا پڈکون کو دھمکیاں بھی دی ۔ حیدرآباد میں منعقد ہورہی چوٹی اجلاس کا موضوع ’’ خواتین پہلے ‘ خوشحالی سب کیلئے‘‘ ہے ۔ ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی اس چوٹی اجلاس میں قیادت کررہی ہے ۔اس موقع پر ’’ ہالی ووڈ تا نالی ووڈ تا بالی ووڈ ‘‘ پیانل مباحثہ بھی ہوگا ۔ قبل ازیں یہ توقع کی جارہی تھی کہ دیپیکا پڈکون اس سیشن میں حصہ لیں گی لیکن اب انہوں نے انکار کردیا ہے ۔ پرنسپال سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ انڈسٹری حکومت تلنگانہ جیئش رنجن نے بتایا کہ دیپیکا پڈکون کے متبادل کسی اور شخصیت کو مدعو کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ نائیجریائی فلم انڈسٹریز کو ’’نالی ووڈ ‘‘ کہا جاتا ہے ۔ جیئش رنجن نے چوٹی اجلاس کے سلسلہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر کئی افراد نے بھی شرکت سے معذرت خواہی کرلی ہے ‘ مثال کے طور پر ایم ایس دھونی ایک سیشن میں شریک ہونے کی توقع تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا ۔ لوگ مختلف وجوہات کی بناء شرکت سے گریز کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب دھونی چونکہ شرکت نہیں کریں گے لہذا ہم ثانیہ مرزا ‘ گوپی چند کو مدعو کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقررین کی قطعی فہرست بہت جلد جاری کردی جائے گی کیونکہ لمحہ آخر میں بعض تبدیلیاں کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 28نومبر کو افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے ۔ اس سہ روزہ چوٹی اجلاس میں جملہ 53سیشنس ہوں گے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ 29نومبر کو پیانل مباحثہ سے خطاب کریں گے ۔ اس پیانل میں ایوانکا ٹرمپ ‘ سابق وزیر اعظم برطانیہ ٹونی بلیر کی اہلیہ چیری بلیر اور منیجنگ ڈائرکٹر و سی ای او آئی سی آئی سی آئی چندا کوچر موجود ہوں گے ۔ یہ پیانل مباحثہ چوٹی اجلاس کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوگا ۔ وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ بعض وفود سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس اجلاس میں تقریباً 300سرمایہ کار اور صنعت کار حصہ لیں گے جہاں انہیں تقریباً 1200ابھرتے صنعت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کا موقع فراہم ہوگا ۔ اس موقع پر حکومت تلنگانہ 100کروڑ روپئے سے ’’ ٹی ۔فنڈ‘‘ کے آغاز کا بھی اعلان کرے گی ۔

TOPPOPULARRECENT