Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / دیگر جماعتوں سے ہنگامہ کروانا مودی حکومت کی چال

دیگر جماعتوں سے ہنگامہ کروانا مودی حکومت کی چال

تحریک عدم اعتماد پر مباحث کو یقینی بنانے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت

امراوتی ( اے پی ) 19 مارچ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج رات تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین سے کہا کہ وہ دوسری اپوزیشن جماعتوں کو مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی ضرورت سے واقف کروائیں۔ تلگودیشم سربراہ نے پارلیمنٹ میں پیش آنے والے واقعات پر پارٹی ارکان پارلیمنٹ و سینئر قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں جائزہ لیا ۔ انہوں نے ان اندیشوں کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت دوسری جماعتوں سے ایوان میں ہنگامہ آرائی کرواتے ہوئے ایوان کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرواسکتی ہے ۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ ارکان پارلیمنٹ و قائدین تحریک عدم اعتماد پر ایوان میں مباحث کیوں نہیں کروا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور حکومت کی چالوں کے مطابق موقف اختیا رکریں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دوسری جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ میں بھی ایوان میں شرکت کریں ۔ دیگر جماعتوں سے بھی تحریک عدم اعتماد کی نوٹسیں جاری کروائیں۔ آج مسلسل گیارہویں دن لوک سبھا میں ہنگامہ آرائی ہوئی اور دن بھر کی کارروائی متاثر ہوگئی ۔ آج دوسرا دن تھا جب اسپیکر سمترا مہاجن تحریک عدم اعتماد کی نوٹسوں پر کارروائی کو آگے نہیں بڑھا سکیں۔ راجیہ سبھا کی کارروائی بھی آج اپنے آغاز کے صرف دس منٹ میں دن بھر کیلئے ملتوی ہوگئی تھی ۔ لوک سبھا کو پہلے دو پہر تک اور پھر دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا ۔ آج لوک سبھا میں کئی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے شور شرابہ کے ساتھ احتجاج کیا اور اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ چونکہ ایوان میں نظم نہیں ہے ایسے میں وہ تحریک عدم اعتماد کو آگے بڑھانے سے قاصر ہیں۔ وہ کچھ نہیں کرسکتیں۔ اس کے ساتھ ہی انہو ںنے کارروائی کو ملتوی کردیا تھا ۔ تلگودیشم نے جمعہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی ۔ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف نہ دئے جانے کے خلاف پارٹی نے بطور احتجاج یہ فیصلہ کیا تھا ۔ چونکہ ہنگامہ کی وجہ سے آج اس نوٹس پر مباحث نہیں ہوسکے تھے اس لئے آج ایک اور نوٹس جاری کی گئی لیکن وہ بھی مباحث کیلئے آگے نہیں بڑھ سکی ۔

TOPPOPULARRECENT