Saturday , November 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / دیہی علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے حکومت سنجیدہ شاد نگر میں گرام جیوتی پروگرام سے ریاستی وزراء کے ٹی آر اور لکشما ریڈی کا خطاب

دیہی علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے حکومت سنجیدہ شاد نگر میں گرام جیوتی پروگرام سے ریاستی وزراء کے ٹی آر اور لکشما ریڈی کا خطاب

شاد نگر۔/19اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام جیوتی پروگرام کے تحت تلنگانہ وزراء کے تارک راما راؤ ، ڈآکٹر سی لکشما ریڈی، ضلع کلکٹر محبوب نگر شریمتی سری دیوی، رکن اسمبلی محبوب نگر سرینواس گوڑ، رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو، آر ڈی او محبوب نگر ہنمنت ریڈی کے علاوہ مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے سرکاری عہدیداروں فرخنت نگر منڈل، شاد نگر کے مختلف ایوارڈ یافتہ موضع حاجی پلی گرام پنچایت کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے عوام سے تفصیلی معلومات حاصل کیا۔ تلنگانہ وزیر کے تارک راما راؤ نے گرام جیوتی پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موضع حاجی پلی میں صفائی کے بہترین انتظام اور ترقی فراہم کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دیہی علاقوں میں واقع گرام پنچایتوں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے سنجیدہ ہے۔

دیہی علاقوں کی ترقی میں حکومت کے ساتھ عوامی تعاون کو ضروری قرار دیا۔ گرام پنچایتوں کو ہونے والی آمدنی سے سابق میں 30فیصد خرچ کیا جاتا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے ترقی کیلئے 50فیصد خرچ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست کو ملک بھر کی ریاستوں میں سے ایک اور بہترین اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے موضع کی عوام  پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موضع میں نکلنے والے کچرے کے ذیعہ جدید ٹکنالوجی کے ذریعہ برقی پیدا کرنے کا موقع فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ موضع میں درکار تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کا رکن اسمبلی انجیایادو اور ضلع کلکٹر سری دیوی کو توجہ دلائی۔ موضع حاجی پلی گرام پنچایت کیلئے جدید بلڈنگ تعمیر کرنے کیلئے 25لاکھ روپئے فنڈ دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ سی سی روڈ، بس شیلٹر، قبرستان کی حصار بندی کیلئے فنڈ مہیا کرنے کا تیقن دیا۔ اس کے علاوہ ڈرینج نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے فنڈس فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ تلنگانہ حکومت ہر بچہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے جامعہ منصوبہ بنارہی ہے اور پہلے مرحلے میں موضع حاجی پلی کیلئے پرائمری انگلش میڈیم اسکول کی منظوری دینے کا تیقن دیا۔ زچہ اور بچہ کی بھی بہترین نگہداشت کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تلنگانہ حکومت می سیوا کی طرح ای پنچایت کا آغاز کررہی ہے۔ می سیوا میں عوام کیلئے جو سہولتیں ہیں تقریباً ای پنچایت میں فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت عوام کو صاف و شفاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے مقصد سے گھر گھر واٹر گرڈ کے ذریعہ نل فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں رہنے والی عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مواضعات میں رہنے والی عوام بیمہ اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں اور ہر ایک شہری بیمہ اسکیم سے ضرور جڑیں۔ تلنگانہ وزیر ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی ہر ایک گلی کو ترقی فراہم کرنے کے مقصد سے گرام جیوتی پروگرام کو روبہ عمل لایا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ ترقیاتی اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT