Saturday , November 18 2017
Home / سیاسیات / ذبیحہ گاؤ پر امتناع کیلئے مسلم ایم پی کا مطالبہ

ذبیحہ گاؤ پر امتناع کیلئے مسلم ایم پی کا مطالبہ

ناسک ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی سے وابستہ راجیہ سبھا ایم پی منور حسین نے ملک بھر میں ذبیحہ گاؤ پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہاں جاریہ کمبھ میلہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گائے ہماری ماں ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ ملک گیر سطح پر گاؤکشی پر پابندی عائد کردیں جبکہ این ڈی اے حکومت نے قبل ازیں کہا تھا کہ اتفاق رائے حاصل کرنے کے بعد ملک بھر میں ذبیحہ گاؤ پر پابندی کیلئے ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ اترپردیش سے نمائندگی کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا نے یہ ادعا کیا کہ آخری مغل شہنشاہ بہادر شاہ ظفر نے ذبیحہ گاؤ پر امتناع عائد کردیا تھا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا تھا۔ جگناتھ پوری اڈیشہ کے شنکر آچاریہ گوردھن پیٹھ کے زیراہتمام ایک روزہ واٹر کانفرنس سے انہوں نے یہاں خطاب بھی کیا اور کہا کہ ہمارے مقدس دریاؤں کا تحفظ اور آلودگی سے پاک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہمارے ملک کی شناخت ہیں۔ واضح رہیکہ ایک مسلم لیڈر نے سنگھ پریوار کے نظریات کی تائید کرتے ہوئے گاؤکشی کے حق میں بیان دیا ہے جس کے باعث مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT