Friday , October 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ذبیح اللہ بیگ ،غیرجانبدارانہ صحافت کی یادگار

ذبیح اللہ بیگ ،غیرجانبدارانہ صحافت کی یادگار

خواجہ شوق ہال میں تعزیتی اجلاس سے صحافیوں و دانشوروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ /14 مارچ (سیاست نیوز) کہنہ مشق صحافی جناب مرزا ذبیح اللہ بیگ شہر حیدرآباد کے ان ممتاز صحافیوں میں شمار کئے جاتے ہیں جن میں اپنے پیشہ کے ساتھ عشق رسولؐ کوٹ کوٹ کر موجود تھا ۔ حقیقی معنوں میں انہوں نے ورکنگ جرنلسٹ کی حیثیت سے اپنے مشن کو غیر جانبدارانہ طور پر تادم حیات جاری رکھا ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے زیراہتمام اردو مسکن (خلوت) میں صحافی جناب مرزا ذبیح اللہ بیگ کے جلسہ تعزیت سے کیا ۔اس جلسہ میں شہر کے علماء کرام ، صحافیوں ، سماجی قائدین و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جناب صوفی خواجہ مصطفے علی ایڈوکیٹ نے جلسہ کی صدارت کی ۔ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے کہا کہ انسان کے مقصود میں اس کی روٹی روزی کے ساتھ موت بھی لکھ دی جاتی ہے ۔ ان کی خواہش تھی کہ مدینہ منورہ میں اپنی آخری سانس لے ۔ جناب ذبیح اللہ بیگ کی دیرینہ آرزو کو اللہ نے پورا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت اردو صحافت کے لئے ایک عظیم نقصان ہے ۔ جنہوں نے مسلمانوں کے مسائل کے حل اور حکومت وقت تک پہنچانے میں تک ودو کی ۔ جناب عابد صدیقی سابق نیوز ایڈیٹر دوردرشن نے کہا کہ کوئی شخصیت اس کے کردار اور کام سے پہچانی و جانی جاتی ہے ۔ جناب ذبیح اللہ بیگ کو خبروں کی ترسیل، مسلمانوں کے مسائل کو حکومت سے واقف کروانے کی ایک فکر تھی ۔ جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ جناب ذبیح اللہ بیگ حالات حاضرہ کے مسائل کے حل کے لئے اخبارات کے ذریعہ بات حکومت وقت تک پہنچایا کرتے ۔ یہاں تک کہ حاجیوں کے قافلے ریاستوں سے روانہ ہوتے تو اس کی رپورٹنگ اور ان کے مسائل کو دو ٹوک انداز سے پیش کیا ۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری نے کہا کہ احسن عمل کرنے والوں کو اللہ بہترین اجر سے سرفراز فرماتا ہے ۔ جناب وراثت علی جنرل سکریٹری تلنگانہ جرنلسٹ فورم ، اظہر محمود ، ایم اے ماجد اور دیگر نے مخاطب کیا ۔ میر لیاقت علی ہاشمی (سعودی عربیہ) ، محمد نصر اللہ خان ، سہیل مرزا ، حکیم سید غوث محی الدین ، سید اصغر حسین، محمد ریاض احمد صدر HUJ ، خلیل قادری ، شیخ رفیع الدین بھی موجود تھے ۔ جناب فیض محمد اصغر نے کارروائی چلائی ۔ جناب غوث محی الدین سکریٹری فیڈریشن نے شکریہ ادا کیا ۔

TOPPOPULARRECENT