Saturday , February 24 2018
Home / شہر کی خبریں / رئیل اسٹیٹ تاجر پر فائرنگ کے ملزمین ہنوز روپوش

رئیل اسٹیٹ تاجر پر فائرنگ کے ملزمین ہنوز روپوش

پولیس ٹیم کرناٹک پہونچنے تک مہاراشٹرا فرار ہونے کی اطلاع، کلیدی ملزم کو سیاسی سرپرستی

حیدرآباد ۔ /14 نومبر (سیاست نیوز) شاستری پورم میلاردیوپلی علاقہ میں رئیل اسٹیٹ تاجر مصطفی پر ہوئی فائرنگ کا معمہ پیچیدہ ہوتا جارہا ہے اور ملزمین ہنوز پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے ایک ریاست سے دوسری ریاست روپوش ہورہے ہیں ۔ کل تک پولیس کی خصوصی ٹیموں نے ان کا تعاقب کرناٹک میں کیا لیکن وہ اُس وقت تک اپنا مقام تبدیل کرچکے تھے اور اب مہاراشٹرا کے کسی خفیہ مقام پر روپوش ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور دیگر پولیس عہدیداروں پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے کرناٹک میں کئی مقاما ت پر دھاوے کئے اور اب ملزمین کی نقل و حرکت مہاراشٹرا میں ہونے کی اطلاعات پر پولیس ٹیم وہاں پہونچ چکی ہے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ فائرنگ کیس کے اہم ملزم محمد زبیر خاں کو بعض سیاسی حلقوں کی سرپرستی پولیس کی گرفت سے دور رہنے میں مددگار ثابت ہورہی ہیں ۔ فائرنگ کے فوری بعد زبیر خاں اور اس کے ساتھیوں نے زخمی رئیل اسٹیٹ تاجر مصطفی کو بنجارہ ہلز کے ورینچی ہاسپٹل میں شریک کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے تھے اور پولیس کو اس سلسلے میں ٹھوس شواہد موصول ہوئے ہیں ۔ سی سی ٹی وی فوٹیجس کو بھی پولیس نے حاصل کرلیا ہے ۔ تلنگانہ پولیس نے جدید ٹکنالوجی کی مدد سے مفرور ملزمین کی اُس کار کا بھی پتہ لگالیا گیا ہے جہاں سے وہ بذریعہ آؤٹر رنگ روڈ ٹول گیٹ سے کرناٹک فرار ہوئے تھے ۔ واضح رہے کہ فلک نما پولیس نے کل زبیر خاں کے اسلحہ لائسنس کو منسوخ کرتے ہوئے نوٹس جاری کی تھا اور نومنتخب ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے اس کیس کے معاملہ میں کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ سے تفصیلات معلوم کی تھیں۔بعد ازاں اسلحہ لائسنس کی منسوخی کیلئے سٹی پولیس کے انچارج کمشنر مسٹر وی وی سرینواس راؤ کو ہدایت جاری کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT