Saturday , May 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / رائیڈو کی سنچری ، حیدرآباد کو شکست

رائیڈو کی سنچری ، حیدرآباد کو شکست

پونے۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں پہلے مقام پر آنکھ مچولی کھیلنے والی دو ٹیموں سن رائزرس حیدرآباد اور چینائی سوپر کنگس کے درمیان یہاں کھیلے گئے سبقت کے مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان بیٹنگ کے وقت آغاز کا مختلف انداز اہم فرق ثابت ہوا جیسا کہ حیدرآبادی ٹیم نے سست آغاز کرتے ہوئے چینائی کو کامیابی کیلئے 180 رنز کا نشانہ فراہم کیا تھا، تو دوسری جانب چینائی کے اوپنرس امباٹی رائیڈو اور شین واٹسن نے تیز رفتار شروعات فراہم کرتے ہوئے طاقتور بولنگ کیلئے مشہور حیدرآباد کے خلاف 19 اوورس میں ہی 180/2 رنز بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ چینائی کی کامیابی میں اوپنر رائیڈو نے کلیدی رول ادا کیا۔ جیسا کہ انہوں نے 62 گیندوں میں 7 چوکوں اور 7 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ناقابل تسخیر 100 رنز اسکور کئے۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کپتان مہیندر سنگھ دھونی رہے جنہوں نے 14 گیندوں میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگاتے ہوئے ناقابل تسخیر 20 رنز اسکور کئے۔ قبل ازیں شین واٹسن نے 35 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 57 رنز اسکور کرنے کے علاوہ رائیڈو کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 14 اوورس میں 134 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ قبل ازیں چینائی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حیدرآباد کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا۔ حیدرآباد کے لئے دھون نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 79 رنز اور کپتان کین ولیمسن 39 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اننگز میں 51 رنز اسکور کئے۔ دیپک ہوڈا نے 11 گیندوں میں 21 رنز اسکور کئے ۔ حیدرآبادی ٹیم کو کسی قدر سست بیٹنگ کا اس مقابلے میں خمیازہ بھگتنا پڑا۔

TOPPOPULARRECENT