Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / رائے دہندوں سے چیف منسٹر کا اظہار تشکر

رائے دہندوں سے چیف منسٹر کا اظہار تشکر

کامیاب کونسلرس کو مبارکباداور نیک تمناؤں کا اظہار
حیدرآباد۔ 9۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کھمم ، ورنگل اور اچم پیٹ میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ کھمم اور ورنگل کارپوریشن اور اچم پیٹ گرام پنچایت میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ اچم پیٹ میں تمام 20 نشستوں پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگیا اور اپوزیشن کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی۔ ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن میں تلگو دیشم پارٹی کا عملاً صفایا ہوگیا ہے۔ تینوں مقامات پر آج رائے شماری مقرر تھی، اور نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی کئی وزراء اور پارٹی قائدین نے چیف منسٹر کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ نتائج کے بعد چیف منسٹر نے عوام سے ا ظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے جو ترقیاتی اور فلاحی پروگرام شروع کئے ہیں، اسے عوام نے قبول کیا ہے۔ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر رائے دہندوں نے ٹی آر ایس کو ووٹ دیا اور وہ چاہتے ہیں کہ اسکیمات پر عمل آوری کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ورنگل ، کھمم اور اچم پیٹ میں پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان پر عمل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کامیاب کونسلرس اور کارپوریٹرس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ ، رکن اسمبلی بالراجو ، رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی اور دوسروں نے کیمپ آفس پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے ورنگل اور کھمم میں پارٹی کی انتخابی مہم چلانے والے وزراء کو بھی مبارکباد دی۔
ورنگل کی کامیابی میں ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور کھمم کی کامیابی میں وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کا اہم رول ہے۔

TOPPOPULARRECENT