Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / رائے دہی کیلئے عہدیداروں و پولیس کی مدد حاصل کرنے پر توجہ

رائے دہی کیلئے عہدیداروں و پولیس کی مدد حاصل کرنے پر توجہ

حالات میں تبدیلی سے قائدین کو پریشانی لاحق ‘ دیانتدار عہدیدار دھاندلیوں میں رکاوٹ
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) بلدی انتخابات عہدیداروں اور پولیس اہلکاروں کیلئے چاندی ثابت ہوسکتے ہیں۔ پرانے شہر میں کانگریس کا سنجیدہ انتخابی مقابلہ سرکاری حکام بالخصوص پولیس اہلکاروں کیلئے فائدہ مند ثابت ہونے جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے کے بموجب مقامی جماعت کی جانب سے اعلیٰ عہدیداروں بالخصوص ساؤتھ زون اور ایسٹ زون میں بڑی بڑی پیشکش کرکے اُنھیں راغب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ انتخابی دھاندلیوں میں پولیس رکاوٹ نہ بن سکے۔ لیکن بعض عہدیدار جو غیر جانبدار ہیں وہ ان کوششوں کو ناکام بنانے میں مصروف نظر آرہے ہیں۔ بلدی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کو شفاف بنانے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن محکمہ پولیس کے رویہ سے ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ رائے دہی کے موقع پر پولیس غیر جانبدارانہ کردار ادا کرکے شفاف انتخابات کو یقینی بنائیگی۔ شہر و نواحی علاقوں میں 2 فروری کو ہورہے انتخابات میں انتخابی عملہ کو خریدنے یا خوفزدہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ اِسی طرح پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں پر اثرانداز ہو کر مخالفین کو دھمکانے اور آزادانہ رائے دہی کو متاثر کرنے کی سازش رچی جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔ پرانے شہر کے علاقوں میں جہاں اب تک یکطرفہ رائے دہی ہوا کرتی تھی، اب ایسے حالات نہیں رہے چونکہ کانگریس کے کھل کر انتخابی مہم میں حصہ لئے جانے اور مقابلہ کیلئے عوام کے درمیان پہونچنے کے بعد عوام میں زبردست تبدیلی دیکھی جارہی ہے۔ تبدیلی کے پیش نظر مقامی جماعت خوفزدہ ہے کہ پرانے شہر کے عوام جو بہتر متبادل کی تلاش میں تھے اُنھیں قومی جماعت مل رہی ہے تو وہ کانگریس کی جانب راغب ہوسکتے ہیں اِسی لئے اب عوام کو چھوڑ کر حکام و انتخابی عملہ کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بیشتر علاقوں میں عوامی شکایت ہے اور یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شفاف انتخابات کو یقینی بنانے اور پرامن رائے دہی کیلئے پولیس عہدیداروں اور انتخابی عملہ کو پابند بنائے تاکہ عوام آزادانہ طور پر ووٹ کا استعمال کرسکے۔ 2 فروری کو رائے دہی سے قبل شہر میں موجود غنڈہ عناصر کے علاوہ ایسے غیر سماجی عناصر جورائے دہی میں رخنہ پیدا کرکے عوام کو خوفزدہ کرنے کوشش کرتے ہیں اُنھیں شہر بدر کیا جائے اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ کسی بھی قسم کی جانبداری سے گریز کریں۔

TOPPOPULARRECENT