Saturday , October 20 2018
Home / Top Stories / رائے دہی کے دن مودی کا روڈ شو، برسر اقتدارجماعت کو کھلی چھوٹ

رائے دہی کے دن مودی کا روڈ شو، برسر اقتدارجماعت کو کھلی چھوٹ

الیکشن کمیشن پر ذمہ داریوں سے فرار کا الزام، راہول گاندھی کو وجہ بتاؤ نوٹس پر چدمبرم کا شدید ردعمل

نئی دہلی 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد و سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے راہول گاندھی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن اُس وقت کیوں سوتے رہتی ہے جب یہی معاملہ برسر اقتدار جماعت کے سربراہ یا اُس کے قائدین کے ساتھ ہوتا ہے۔ پی چدمبرم نے کہاکہ اِس معاملہ میں جان بوجھ کر کانگریس کے نومنتخب صدر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے کہاکہ انتخابی عہدیدار اپنی ذمہ داری سے کیوں غفلت برت رہے ہیں۔ اُنھوں نے گجرات کے عوام سے کہاکہ وہ اپنی ریاست میں بی جے پی حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے اپنی حق رائے دہی کا بے خوفی سے استعمال کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی نے تقریر کی۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے انٹرویو دیا اور وزیر ریلوے نے بھی کل ہی انٹرویو دیا مگر یہ تمام باتیں الیکشن کمیشن کی نظروں سے اوجھل رہی۔ اُنھیں صرف راہول گاندھی کی جانب سے ٹی وی چیانل کو دیا گیا انٹرویو ہی نظر آیا، آخر ایسا کیوں؟ چدمبرم نے مزید کہاکہ بی جے پی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو شکایت کرنا اُن کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔ ایک انٹرویو جو انتخابی مہم کے اختتام کے بعد دیا گیا آخر کیا اُنھیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔ جبکہ یہ عمل ہر انتخابی مہم کے بعد کیا جاتا رہا ہے، یہ کوئی نئی بات نہیں۔ اُنھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رائے دہی کے دن وزیراعظم کو روڈ شو کی اجازت دینا ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کیا یہ انتخابی مہم ہے؟ اور الیکشن کمیشن کر کیا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گجرات میں آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی جاری ہے اور انتخابی نتائج کا اعلان 18 ڈسمبر کو کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن پر اپنی ذمہ داری سے فرار کا الزام عائد کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ ٹی وی پر نظر آنے کے بعد ہر کوئی یہ بہ آسانی سمجھ سکتا ہے کہ وزیراعظم مکمل طور پر انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ اُنھوں نے اِسے ضابطہ اخلاق کی انتہائی سنگین خلاف ورزی سے تعبیر کیا۔ چدمبرم نے میڈیا اداروں سے بھی اس کے خلاف کھڑے ہوجانے کی اپیل کی اور کہاکہ ضابطہ اخلاق کی اس قدر واضح خلاف ورزی کی اجازت دینے پر انتخابی عہدیداروں کی مذمت کریں۔ چدمبرم نے گجرات کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی شاطرانہ چالوں کو نظراندازکردیں اور اپنی ساری توجہ 20 سالہ بی جے پی کی ناکام حکمرانی کی تبدیلی پر مرکوز کردیں۔ میرے گجراتی بھائیو آپ اپنے ووٹ کی طاقت کو محدود نہ سمجھیں، آپ کا ایک ووٹ تبدیلی لاسکتا ہے۔ لہذا آپ باہر نکلئے اور حق رائے دہی کا استعمال کیجئے۔

TOPPOPULARRECENT