Monday , November 19 2018
Home / شہر کی خبریں / رائے دہی کے دن 31 اضلاع میں ہیلی پیاڈس کا قیام

رائے دہی کے دن 31 اضلاع میں ہیلی پیاڈس کا قیام

ہنگامی صورتحال میں استعمال، شہر کے اسمبلی حلقوں میں اردو میں فہرست رائے دہندگان: رجت کمار
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو ہدایت دی ہے کہ اسمبلی انتخابات کے ضمن میں ریاست کے تمام 31 اضلاع میں ہیلی پیاڈس تیار کئے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں ایر ایمبولنس کو لینڈنگ اور اڑان بھرنے میں سہولت ہو۔ رجت کمار نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ایر ایمبولنس کے لئے ہیلی پیاڈس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رائے دہی کے موقع پر عہدیداروں ، ملازمین یا پھر ووٹرس کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کرنے کیلئے ہیلی پیاڈس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ماؤسٹ سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرس کی لینڈنگ کے لئے بھی ہیلی پیاڈس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی دوران مختلف پارٹیوں نے اپنے اسٹار کیمپینرس کی جانب سے مہم میں ہیلی کاپٹر کے استعمال کے سلسلہ میں کمیشن سے اجازت طلب کی ہے۔ رجت کمار نے بتایا کہ ہیلی پیاڈ کو سیاسی قائدین اور ہنگامی صورتحال میں استعمال کے مقصد سے ہر ضلع میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹیوں کے اسٹار کیمپینرس کو مناسب سیکوریٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رجت کمار نے کہا کہ اضلاع میں سیاسی پارٹیوں کے عام جلسوں کے قریب ہیلی پیاڈکے بجائے پولیس کی جانب سے قائم کئے گئے ہیلی پیاڈس پر لینڈنگ کی جانی چاہئے ۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو بہتر تال میل سے کامکرنے کی ہدایت دی گئی۔ کمیشن نے ریاست کے 16 اسمبلی حلقوں میں اردو اور تین اسمبلی حلقوں میں مراٹھی میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فہرست کمیشن کے ویب سائیٹ پر دستیاب رہے گی۔ سیاسی پارٹیاں اور رائے دہندے اس کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ انتخابی قواعد کے مطابق اگر کسی اسمبلی حلقہ میں سرکاری زبان کے علاوہ دوسری کسی زبان کے بولنے والوں کی تعداد 20 فیصد سے زیادہ ہو تو ان کی زبان میں فہرست رائے دہندگان تیار کی جائے۔ حیدرآباد میں مشیر آباد ، ملک پیٹ ، عنبر پیٹ ، خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، صنعت نگر ، نامپلی ، کاروان ، گوشہ محل ، چار مینار ، چندرائن گٹہ ، یاقوت پورہ ، بہادر پورہ ، سکندرآباد اور سکندرآباد کنٹونٹمنٹ حلقوں میں اردو میں فہرست رائے دہندگان تیار کی جائے گی ۔ نظام آباد (اربن) اسمبلی حلقہ میں بھی فہرست رائے دہندگان اردو میں رہے گی جبکہ عادل آباد ضلع کے بوتھ ، نرمل ضلع کے مدہول اور نظام آباد کے جکل اسمبلی حلقہ جات میں مراٹھی میں فہرست رائے دہندگان تیار کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT