Friday , November 16 2018
Home / Top Stories / راجستھان : مڈ ڈے میل کھانے سے 62 بچے بیمار

راجستھان : مڈ ڈے میل کھانے سے 62 بچے بیمار

جے پور 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے ضلع راج سمندکے پناولي گاؤں میں سرکاری اسکول میں آج مڈ ڈے میل کھانے سے 62 بچے بیمار ہو گئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق بیمار بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ضلع کے پناولي میں واقع سرکاری ثانوی اسکول کے پرنسپل ادے لال نے بتایا کہ اسکول میں اکشے پاتر کی جانب سے مڈ ڈے میل کے تحت بچوں کاکھاناآیاتھا۔ اسکول میں دوپہرتقریبا بارہ بجے دوپہر کا کھاناکھانے کے بعد بچوں نے یک بعددیگرے الٹیاں کرنی شروع کر دی۔ اس پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسر کو معلومات دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اکشے پاترکی جانب سے مڈڈے میل میں دال چاول اور روٹی دی گئی تھی۔ بچوں کے قے کرنے سے کھلبلی مچ گئی۔ اسکول انتظامیہ کی اطلاع پر موقع پر پہنچی میڈیکل ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے بچوں کو دوائیاں دی جس سے بچوں کو تھوڑی دیرکے بعد سکون ملالیکن کچھ دیر بعد بچوں کے دوبارہ قے کرنے کی وجہ سے انہیں راج سمند کے آر کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دسویں تک کے اس اسکول میں آج 77 بچوں نے مڈڈے میل کھایا تھا جس میں 62 بچے اس کا شکارہوئے ۔ان بچوں کی عمر 6 سے 14 سال ہے ۔ضلع کلکٹر آنندی نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بچوں کاعلاج کرایا گیا اورڈاکٹروں کی ٹیم اسکول بھیج دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے کھانے کے نمونے لے لیے ہیں اور اس کی جانچ کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ابھی یہ کہنا مناسب نہیں ہے کہ مڈڈے میل کھانے سے بچوں کو قے ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں اکشے پاترکی جانب سے مڈڈے میل دیاجاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پناولي کے سوا کہیں سے مڈڈے میل سے بچوں کے بیمار ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ، پھر بھی انتظامیہ اس معاملے کی جانچ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT