Sunday , October 21 2018
Home / Top Stories / راجستھان میں گاؤ دہشت گردوں نے گائے لے جارہے عمر خاں کا قتل کردیا

راجستھان میں گاؤ دہشت گردوں نے گائے لے جارہے عمر خاں کا قتل کردیا

الور میں وحشیانہ کارروائی ، دو ساتھیوں طاہر خاں اور جاوید خاں کو بھی شدید زدوکوب

 

جئے پور ۔ /12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے علاقہ الور میں گاؤں دہشت گردوں نے ایک اور مسلم نوجوان کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔ ارکان خاندان کو جمعہ کے دن راجستھان کے ضلع الور میں گووند گڑھ کے قریب پٹریوں پر اس کی نعش دستیاب ہوئی ۔ ارکان خاندان نے کہا کہ گاؤ دہشت گردوں نے اسے دبوج کر گولی ماردی جبکہ وہ بھرت پور میں اپنے آبائی موضع گھاٹمیکاکو گائے منتقل کررہے تھے ۔ پولیس نے خاندان والوں کی شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ مہلوک نوجوان کی 35 سالہ عمر خاں ڈیری فارم کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی طاہر خاں اور جاوید خاں کو بھی گاؤ دہشت گردوں نے شدید زدوکوب کیا جو الور میں ان گایوں کو خریدنے کے بعد ویان کے ذریعہ منتقل کررہے تھے ۔ ان تمام کا محاصرہ کرکے گاؤ دہشت گردوں نے حملہ کیا اور شدید زدوکوب کیا ۔ عمر خاں کو مارپیٹ کرنے کے بعد گولی ماردی گئی ۔ جس سے عمر خاں برسرموقعہ ہلاک ہوئے ۔ گاؤ دہشت گردوں نے مبینہ طور پر عمر خاں کی نعش کو ریلوے پٹریوں پر پھینک دیا تاکہ اس قتل واقعہ کو پوشیدہ رکھ کر اسے ایک حادثہ ظاہر کرسکیں ۔ پولیس نے نعش کو برآمد کرلیا جو ٹرین کے گزرنے کے باعث مسخ ہوچکی تھی ۔ نعش کو گورنمنٹ ہاسپٹل مردہ خانے میں محفوظ کردیا گیا ۔ ان کے ہمراہ آئے 42 سالہ طاہر خاں گاؤ دہشت گردوں کے حملے سے بچ کر نکلنے میں کامیاب ہوئے جنہیں فیروز پور کے خانگی دواخانے میں شریک کیا گیا جبکہ 28 سالہ جاوید خاں ہنوز لاپتہ ہیں ۔ الور کے ساؤتھ سرکل آفیسر انیل نیوال نے کہا کہ دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ عمر خاں کے رشتہ داروں اور میو مسلمانوں نے احتجاج کیا تو پولیس نے مقدمہ درج کیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ۔ عمر خاں اور ان کے ساتھی میو مسلم برادری سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ضلع کانگریس اقلیتی سیل صدر جمشید خاں نے الور میں دواخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام عائد کیا کہ پولیس ملازمین اس واردات کے وقت وہاں موجود تھے ۔ لیکن انہوں نے حملہ آوروں کو نہیں روکا ۔ شبہ ظاہر کیا گیا کہ اس حملے میں پولیس ملازمین بھی ملوث ہیں ۔ راجستھان کے الور میں ہی چند ماہ پہلے پہلو خاں کے قتل کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جہاں خود ساختہ گاؤ دہشت گردوں نے پہلو خاں کو ہلاک کیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT