Friday , August 17 2018
Home / Top Stories / راجناتھ سنگھ کامجوزہ دورہ روس ‘ دواہم معاہدے

راجناتھ سنگھ کامجوزہ دورہ روس ‘ دواہم معاہدے

منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تعاون کے معاہدوں پر دستخط
نئی دہلی ۔ 26نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور روس دو اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے جن کا مقصد ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے میں تعاون اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ جنگ ہوگا ۔ مرکزی وزیر داخلہ ماسکو کے تین روزہ دورہ پر روانہ ہورہے ہیں ۔ راجناتھ سنگھ آج روس کیلئے روانہ ہوگئے ۔ وہ وزارت داخلہ ہندوستان اور روس کی وفاقی وزارت داخلہ کے درمیان دہشت گردی اور منظم جرائم کے مقابلہ کے معاہدوں پر دستخط کریں گے ۔ معاہدہ پر باہمی تعلقات بذریعہ تبادلے اور معلومات میں شراکت داری کے ذریعہ عمل کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مہارت میں بھی تعاون کیا جائے گا اور دہشت گردی کو کچلنے میں مدد دی جائے گی ۔ علاقہ کے صیانتی انتظامات میں مشترکہ طور پر اضافہ کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ اکٹوبر 1993ء کے اسی قسم کے معاہدہ کی جگہ لے گا ۔ یہ فوائد اور صیانت کے شعبہ میں ارتکاز کی سمت ایک قدم ہے اور اس کا مقصد نئے خطرات کے خلاف مشترکہ تعاون کی خواہش ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ ‘ وزیر داخلی سلامتی اُمور روس ولادیمیر کولوکولڈسے تبادلہ خیال بھی کریں گے ۔ روس کے دیگر قائدین سے بھی ان کی ملاقاتیں مقرر ہیں ۔ تبادلہ خیال میں باہمی ‘ علاقائی اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی معاملات کا جامع احاطہ کیا جائے گا ۔ راجناتھ سنگھ ہندوستان کے منشیات کنٹرول بیورو اور روسی وزارت داخلی سلامتی کے ایک مشترکہ لائحہ عمل پر بھی دستخط کریں گے ۔ دونوں ممالک قریبی تعاون کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں ۔ مشترکہ صیانت کے اندیشوں کے معاملات میں باہمی تعاون دیرینہ ہے ۔ راجناتھ سنگھ کا مجوزہ دورہ ایک موقع فراہم کرے گا تاکہ باہمی مفادات پر مبنی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے ۔ روس کیلئے روانگی سے قبل مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے خصوصی تعلقات آزمودہ ہیں اور برسوں پرانے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ 18ستمبر 2016کو روس کا دورہ کرنے والے لیکن اسے ملتوی کردیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT