Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / راجناتھ سنگھ کا دورہ پاکستان پرامن رہنے کی توقع

راجناتھ سنگھ کا دورہ پاکستان پرامن رہنے کی توقع

حافظ سعید کی دھمکی پڑوسی ملک کا داخلی معاملہ، پاکستان رینجرس صورتحال سے نمٹنے کے اہل: بی ایس ایف

نئی دہلی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے لشکرطیبہ بانی حافظ سعید کی احتجاج کی دھمکیوں کے پس منظر میں مجوزہ دورہ پاکستان کے پیش نظر بی ایس ایف نے آج کہا کہ اسے یقین ہیکہ پاکستان رینجرس اور دیگر حکام اس منصوبہ کو ناکام بنانے کیلئے خاطرخواہ اقدامات کریں گے۔ بارڈر سیکوریٹی فورس (بی ایس ایف) کے سربراہ کے کے شرما نے حافظ سعید کے احتجاج اور عطاری ۔ واگھا سرحد تک مارچ کے منصوبہ کو پاکستانی سرزمین پر ایک سیاسی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحد کی حفاظت کرنے والے حکام اس معاملہ کی نوعیت سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کل منعقد ہورہی سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کو پرامن بنایا  جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید کا احتجاج کا منصوبہ پاکستان کا داخلی معاملہ ہے

اور انہیں یقین ہیکہ پاکستان رینجرس اس صورتحال سے پوری طرح نمٹ سکتے ہیں۔ انہیں اس بات کا بھی یقین ہیکہ حافظ سعید کی دھمکی سے سارک اجلاس میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔ کے کے شرما گذشتہ ہفتہ ہی پاکستان میں ڈائرکٹر جنرل سطح کی باہمی مذاکرات کے بعد واپس لوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی فورسیس نے سرحدات پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور ہر شام سرحد پر ہونے والے پروگرام کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد کو جمع نہ ہونے کیلئے اقدامات سے اتفاق کیا ہے۔ 2014ء میں واگھا پر پاکستانی سمت اس تقریب کے دوران بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول فوج کے تحت ہے اور وہ اس معاملہ میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT