Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / راجندر نگر میں جسم فروشی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

راجندر نگر میں جسم فروشی کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

چھ افراد بشمول تین خواتین گرفتار اے سی پی راجندر نگر ناگی ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /19 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) معاشی تنگدستی سے مجبور زندگیوں کا فائدہ اٹھاکر روزگار کی آڑ میں جسم فروشی کیلئے مجبور کرنے والا ایک ہولناک واقعہ منظر عام پر آیا ۔ ایک کمسن یتیم لڑکی کی دردناک داستان اور شکایت پر راجندر نگر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ جس کی اصل سرغنہ ایک خاتون بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے ہیپی ہوم علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 6 افراد بشمول تین خواتین کو گرفتار کرلیا جو ایک کمسن لڑکی سے جبراً جسم فروشی کروا رہے تھے ۔ گرفتار افراد میں تین افراد نے اس لڑکی کا استحصال کیا تھا جو اب پولیس کی گرفت میں ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر ناگی ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد بشمول خواتین کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اصل سرغنہ خاتون جو اس جسم فروش ریاکٹ کی آرگنائزر بتائی گئی ہے ۔ نشاخان کے علاوہ تحسین اور منہاج عرف صباء اور مظہر ، محمد علی اور شکیل الدین کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پہاڑی شریف علاقہ کی ساکن 16 سالہ کی شکایت گذار متاثرہ لڑکی کے گھر میں معاشی تنگی کا سامنا تھا اور وہ محنت مزدوری کے ذریعہ اپنے گھر کے اخراجات اور والدہ کے علاوہ یتیم بھائی بہنوں کی ضروریات کو پورا کرنا چاہتی تھی ۔ روزگار کی متلاشی اس لڑکی کی ملاقات ان دنوں صباء نامی خاتون سے ہوئی ۔ جس کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خاتون اکثر ایسی لڑکیوں کو تلاش میں رہتی تھی اور انہیں اصل سرغنہ نشا خان سے ملایا کرتی تھی ۔ متاثرہ لڑکی کے ساتھ بھی صبا نے ایسا ہی کیا ۔ نشاخان نے لڑکی کو آسان طریقہ سے رقم کمانے کا لالچ دیکر اسے جسم فروشی کیلئے مجبور کیا تاہم لڑکی نے اس سے انکار کردیا ۔ جس کے بعد اس خاتون نے اسے ڈرا دھمکاکر جبراً جسم فروشی کیلئے مجبور کروایا ۔ کسی طرح اس خاتون کے چنگل سے آزادی کے بعد لڑکی نے راجندر نگر پولیس کا رخ کیا اور شکایت کردی ۔ انسپکٹر راجندر نگر پولیس راجندر نے لڑکی کی شکایت پر تحقیقات کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 6 افراد بشمول تین خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس راجندر نگر اس ٹولی کی سرگرمیوں کے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT