Friday , December 15 2017
Home / جرائم و حادثات / راجندر نگر میں خوفناک سڑک حادثہ سب انسپکٹر پولیس ہلاک

راجندر نگر میں خوفناک سڑک حادثہ سب انسپکٹر پولیس ہلاک

ڈیوٹی کے بعد وقار آباد جاتے ہوئے کار درخت سے ٹکرائی ، دیگر دو خواتین شدید زخمی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : راجندر نگر کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں سب انسپکٹر پولیس ہلاک اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چھٹی حاصل ہونے پر سب انسپکٹر محمد خلیل اپنے مکان جارہے تھے کہ آوٹر رنگ روڈ حمایت ساگر کے قریب حادثہ پیش آیا اور ایس آئی کی کار ایک درخت سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ خلیل کے ہمراہ اس وقت کار میں دو ساتھی خاتون کانسٹبل بھی موجود تھیں جو اپنے مکان وقار آباد جارہی تھیں ۔ انڈین آرمی میں خدمات انجام دینے کے بعد44 سالہ خلیل نے محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ سال 2012 بیاچ کے عہدیدار خلیل فی الحال اسپیشل برانچ سے وابستہ تھے ۔ جو تلنگانہ پولیس اکیڈیمی میں زیر تربیت تھے ۔ سب انسپکٹر خلیل نے سابق میں دو ماہ تانڈور اور شاد نگر میں بہ حیثیت سب انسپکٹر خدمات انجام دی تھیں ۔ اس ایس آئی کے ہمراہ موجود خاتون کانسٹبل 24 سالہ ممتا اور 24 سالہ کیرتی شدید زخمی بتائے گئے ہیں ۔ حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی راجندر نگر پولیس ٹیم فوری مقام حادثہ پہونچ گئی اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بارش کے سبب ہوسکتا ہے کہ خلیل کی کار نے سڑک سے اپنا توازن کھو دیا اور درخت سے ٹکرا گئی ۔ کار خود ایس آئی چلا رہے تھے ۔ سڑک حادثہ میں ایس آئی کی موت کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ خلیل پولیس ڈپارٹمنٹ کے کافی بھروسہ مند اور بہ وقار عہدیداروں میں شمار کئے جاتے تھے ۔ ضلع ایس پی وقار آباد محترمہ ٹی اننا پورنا نے اس حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور خلیل کے افراد خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ۔ انڈین آرمی میں خدمات انجام دینے کے بعد پولیس میں شمولیت اختیار کرنے والے عہدیداروں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ سال ایک لاوارث مسلم میت کی تدفین کو خلیل نے اپنے ذاتی اخراجات سے اسلامی طریقہ پر کروایا تھا ۔ اور ایک درگاہ کے متولی کے قتل کیس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خلیل نے اعلیٰ عہدیداروں کی داد و تحسین حاصل کی تھی ۔ راجندر نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT