Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / راجندر نگر کے پانچ مکانات میں سرقہ کی وارداتیں

راجندر نگر کے پانچ مکانات میں سرقہ کی وارداتیں

علاقہ کے مکینوں کی نیند حرام ، متعلقہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس کی بے مثال کارکردگی پر اندھا بھروسہ 4 خاندانوں کیلئے مہنگا ثابت ہوگیا ۔ ہمیشہ اخبارات و میڈیا میں پولیس راجندر کرائم ٹیم کے چرچوں سے اطمینان بخش عوام کی زندگیوں کا چین و سکون تباہ ہوگیا ۔ کل رات پولیس کی آنکھ میں دھول جھونک کر نامعلوم سارقوں نے 5 مکانات میں سرقہ کیا ۔ بنڈلہ گوڑہ علاقہ کی دو کالونیوں سائی نگر اور ویکاس نگر میں کل رات وارداتیں انجام دی گئی ۔ ایک خاندان تہوار کے سلسلہ میں رشتہ داروں کے پاس گیا تھا ایک خاندان فلم دیکھنے گیا تھا اور دو تہوار منانے کیلئے قریبی رشتہ داروں کے پاس گئے تھے ۔ کل رات کی ان سنسنی خیز وارداتوں نے راجندر نگر پولیس کے کرائم عملہ کو چیالنج پیش کیا ہے ۔ ایک ہی ساتھ 5 مکانات میں وارداتوں نے پولیس چوکسی کی قلعی کھول دی ۔ سرقہ کے بعد یہ خاندان پریشان ہوگئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مکان میں سرقہ کرتے ہوئے نامعلوم سارقوں نے 30 تولہ سونا اور ایک ماروتی کار دوسرے مکان سے 10 تولہ سونا اور 80 ہزار نقد رقم تیسرے مکان سے 5 تولہ سونا اور 60 ہزار روپئے نقد رقم کے علاوہ ایک اور مکان سے 5 تولہ سونے کا سرقہ کرلیا جبکہ ایک مکان میں واردات انجام دینے کی کوشش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ہی رات میں سلسلہ وار مکانات کو نشانہ بنایا گیا اور سارقوں نے آسانی سے اپنا کام مکمل کرتے ہوئے راہ فرار اختیار کرلی ۔ اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر راجندر نگر مسٹر بی سریش نے بتایا کہ پولیس نے بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں پیش آئی وارداتوں کا معائنہ کیا اور فوری طور پر خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مسروقہ سامان کو بہت جلد ضبط کرنے اور سارقوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT