Sunday , September 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر صدر تلنگانہ پی سی سی کی تائید و مخالفت میں احتجاج

راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر صدر تلنگانہ پی سی سی کی تائید و مخالفت میں احتجاج

مخالف گروپ کا پنالہ لکشمیا سے استعفیٰ کا مطالبہ، دھکم پیل، انتخابات میں شکست پر اظہار برہمی

مخالف گروپ کا پنالہ لکشمیا سے استعفیٰ کا مطالبہ، دھکم پیل، انتخابات میں شکست پر اظہار برہمی
حیدرآباد /21 مئی (سیاست نیوز) آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر گاندھی بھون میں کانگریس قائدین نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کے خلاف نعرے بازی کی اور استعفی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ انتخابی نتائج کے بعد کل پہلی مرتبہ کانگریس کے اہم قائدین گاندھی بھون پہنچے تھے، جس پر قائدین نے پنالہ لکشمیا، اتم کمار ریڈی اور دامودھر راج نرسمہا کا گھیراؤ کرتے ہوئے انھیں شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ آج سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر پنالہ لکشمیا نے آنجہانی قائد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو نوجوانوں کے لئے مشعل راہ اور ناقابل فراموش قرار دیا۔ تاہم کانگریس کارکنوں نے آج بھی پنالہ لکشمیا کے خلاف نعرے لگائے، جب کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کے حامیوں نے ان کی تائید میں نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران پنالہ لکشمیا کے حامیوں اور مخالفین نے دھکم پیل شروع کردی۔

ایک احتجاجی کارکن نے بتایا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی، تاہم نااہل قیادت اس کو پارٹی کی کامیابی میں تبدیل کرنے میں ناکام ہو گئی۔ علاوہ ازیں پارٹی کے اہم قائدین پنالہ لکشمیا، دامودھر راج نرسمہا اور اتم کمار ریڈی وغیرہ نے حقیقی قائدین کو ٹکٹ دلانے کی بجائے اپنے ارکان خاندان کے لئے دوڑ دھوپ کی۔ جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، انھیں ٹکٹ دے کر حقیقی کارکنوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دس سال تک اقتدار کا مزا لوٹنے والوں کو ہی پارٹی میں عہدے دیئے جا رہے ہیں، جب کہ برسوں سے پارٹی کے لئے خدمت انجام دینے والوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس کارکن نے کہا کہ وزارت اور پارٹی میں اہم عہدوں کے حامل قائدین شکست سے دوچار ہوئے ہیں، لہذا سارے قائدین اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔

TOPPOPULARRECENT