Tuesday , September 25 2018
Home / سیاسیات / راجیو گاندھی کی 23 ویں برسی ،ملک گیر سطح پر اُن کی یاد

راجیو گاندھی کی 23 ویں برسی ،ملک گیر سطح پر اُن کی یاد

نئی دہلی 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو آج اُن کی 23 ویں برسی پر ملک گیر سطح پر یاد کیا گیا۔ کئی قائدین آج اُن کی یادگار پر پہونچے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری، سبکدوش ہونے والے وزیراعظم منموہن سنگھ، آنجہانی قائد کی بیوی صدر کانگریس سونیا گاندھی اُن کی یادگار ’’ویر بھومی‘‘ نئی دہلی پر اُنھیں پھول نچھاور کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ سونیا گاندھی کے ہمراہ اُن کے فرزند و نائب صدر کانگریس راہول گاندھی، دختر پرینکا گاندھی اور داماد رابرٹ وڈرا تھے۔ وہ 6.20 بجے صبح خراج عقیدت پیش کرنے پہونچے۔ اِس موقع پر ترنگے اُٹھائے ہوئے نوجوانوں نے یادگار کو گھیر لیا اور ’’شانتی منتر‘‘ پیش کیا۔ کمسن بچے بھی یادگار پر پھول چڑھاتے دیکھے گئے۔ سابق وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے، چیف منسٹر ہریانہ بھوپندر سنگھ ہوڈا، سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور اور سبکدوش ہونے والے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور و شہری ترقی کمل ناتھ، دہلی پردیش کانگریس کے صدر اروند سنگھ لاؤلی اور کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد ہارون یوسف راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے میں شریک تھے۔ نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹر پر راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راجیو گاندھی ہندوستان کے چھٹویں اور سب سے کم عمر وزیراعظم تھے جنھیں 21 مئی 1991 ء کو ٹاملناڈو کے علاقہ سری پرمبدور میں ایک انتخابی مہم کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT