Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ گوردھن ریڈی کا انتقال، سونیا اور راہول گاندھی کے پیامات تعزیت

راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ گوردھن ریڈی کا انتقال، سونیا اور راہول گاندھی کے پیامات تعزیت

نئی دہلی، 9 جون (یو این آئی) تلنگانہ سے کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پی گوردھن ریڈی کا آج ہماچل پردیش کے کلو میں انتقال ہو گیا۔ وہ 80 سال کے تھے ۔ان کے خاندان میں بیوی کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق مسٹر ریڈی ایک پارلیمانی وفد کے رکن کی حیثیت میں ہماچل پردیش کے دورے پر گئے تھے ، جہاں صبح 10.00 بجے مقامی ہسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی آخری رسم کل حیدرآباد میں ادا کی جائے گی۔ چیئرمین محمد حامد انصاری نے مسٹر ریڈی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تلنگانہ کے کسانوں کی فلاح و بہبود کی ان کی انتھک کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ 2012 سے راجیہ سبھا کے فعال اور قابل احترام رکن تھے ۔20نومبر 1936 کو محبوب نگر ضلع کے نادم پلي گاؤں میں پیدا ہونے والے مسٹر ریڈی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویٹ تک کی تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ آندھرا پردیش اسمبلی میں پانچ بار رکن اسمبلی بھی رہے ۔ وہ 1981 میں وزیر بھی بنے ۔دریں اثناء کانگریس صدر سونیاگاندھی اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈر گوردھن ریڈی کے چل بسنے پر ان کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔کانگریس نائب صدرنے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ گوردھن ریڈی کی بے وقت موت سے کانگریس کو عظیم نقصان ہوا ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر و راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ گوردھن ریڈی ایک سینئر پارلیمنٹرین تھے جنہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے گوردھن ریڈی کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

TOPPOPULARRECENT