Thursday , September 20 2018
Home / سیاسیات / راجیہ سبھا میں مایوس ارکان ساکت بیٹھے رہے

راجیہ سبھا میں مایوس ارکان ساکت بیٹھے رہے

کارروائی کے التواء کے باوجود کئی ارکان کو نشستوں پر دیکھا گیا
نئی دہلی ۔ 27 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں آج اُ س وقت ایک غیرمعمولی صورتحال دیکھی گئی جب کارروائی کے التواء کے باوجود کئی ارکان کو اپنی نشستوں پر ہی نصف گھنٹے تک بیٹھے ہوئے دیکھا گیا ۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان ایوان کی کارروائی کے بار بار التواء پر مایوس نظر آرہے تھے ۔ ان کے اندر برہمی بھی دکھائی دے رہی تھی ۔ یہ ارکان ایوان کی کارروائی نہ چلنے دینے پر ناخوش تھے ۔ چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے جیسے ہی راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی کردینے کااعلان کیا سرکاری بنچوں پر بیٹھے بی جے پی کے کئی ارکان بھی بات چیت میں مصروف دیکھے گئے ۔ قائد ایوان ارون جیٹلی کو اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کے بشمول دیگر اپوزیشن قائدین سے بات چیت کرتے دیکھا گیا۔ راجیہ سبھا میں مسلسل 16 ویں دن بھی کوئی کام کاج نہیں ہوسکا ۔ دن بھر کیلئے کارروائی ملتوی کردینے سے قبل ایوان میں بار بار کی گڑبڑ سے بظاہر مایوس دکھائی دینے والے چیرمین وینکیا نائیڈو نے کارروئی شروع کرنے کی کوشش کی ۔ انھوں نے کہاکہ ایوان سے اب چالیس ارکان سبکدوش ہونے والے ہیں ، ان کے تجربات سے نئے ارکان کو روشناس ہونے کا موقع نہیں دیا گیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی ایوان میں موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT