Tuesday , December 11 2018

راجیہ سبھا میں 3 طلاق بل رکوانے مولانا قاسمی کی سعی لائق ستائش

کشن گنج۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں تین طلاق بل پیش اور منظور کئے جانے کے بعد ہندوستانی مسلمان اضطرابی حالات کا شکار ہوئے۔ اُن کا یہ اضطراب بجا رہا مگر یہ اضطراب جس طرح افراط و تفریط کا شکار ہوا وہ قابل افسوس ہے، بالخصوص عملی سیاست سے جڑے بعض افراد اپنی علاقائی سیاست کو چمکانے کیلئے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے نظر آئے اور صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی مشہور شخصیت مولانا محمد اسرارلحق قاسمی کے خلاف نہ صرف سیاسی جال بچھانے کی کوششیں کئے بلکہ ان پر رکیک حملے بھی کئے جو کسی طرح مناسب نہیں۔ الغرض مولانا موصوف کی اس دن پارلیمنٹ میں غیرحاضری بھی خیر کا سبب بن گئی اور مولانا کی کانگریس سے مستعفی ہونے کی دھمکی اور اپوزیشن لیڈروں سے اس بل کو روکنے کی کوششیں رنگ لائیں۔ الحمدللہ! یہ بل راجیہ سبھا میں رک گیا ۔ مولانا موصوف کی محنتوں کا نتیجہ ہے کہ کانگریس جس نے لوک سبھا میں اس بل کی ایک طرح حمایت کی تھی، وہ مولانا کی دھمکیوں اور زبردست دباؤ کی بنیاد پر راجیہ سبھا میں کھل کر سختی کے ساتھ اس بل مخالفت کی اور بل رک گیا۔ اس زبردست اور کامیاب مساعی کی وجہ سے ہم باشندگان کشن گنج اپنے قائد و رہبر مولانا محمد اسرارالحق قاسمی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی محنتوں کو سلام محبت کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ بلاشبہ مولانا اپنے بے لوث قومی و ملی خدمات کے باعث ہزاروں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ بڑی خوش آئند بات ہے کہ المدارس دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث حضرت الاستاذ، مولانا و مفتی سعید احمد پالن پوری اور مطاہر العلوم سہارنپور کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد عاقل حسامی نے بھی حضرت مولانا کی بل کو رکوانے کے سلسلے میں کی گئی محنتوں کو سراہتے ہوئے دعائیں پیش کی ہیں جو ہم سب کیلئے قابل فخر ہے۔ مولانا اسرارالحق قاسمی ہندوستان کے سچے اور مخلص رہنما ہیں جن کی پوری زندگی خدمت خلق میں بسر ہوئی ہے اور انہوں نے ذاتی راحت و آرام کو چھوڑ کر ہمیشہ ملت کے مسائل و مشکلات کو حل کرنے کی سعی کی ہے۔ مسلمانوں کے درمیان تعلیم کے فروغ کیلئے بھی ان کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی کوشش کی اور خود بھی مسلکی جھگڑے سے بچتے رہے ہیں جس کی وجہ سے بلاتفریق مسلک مسلمانوں کے ہر طبقہ میں انہیں مقبولیت حاصل ہے۔

TOPPOPULARRECENT