Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / راجیہ سبھا چناؤ : کانگریس کی کامیابی کیلئے ارکان اسمبلی کو لالچ

راجیہ سبھا چناؤ : کانگریس کی کامیابی کیلئے ارکان اسمبلی کو لالچ

اسٹنگ آپریشن کے انکشاف سے کرناٹک کی سیاست میں ہلچل ۔ چیف منسٹر سدا رامیا کو پشیمانی
بنگلورو۔3جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں آج ایک اسٹنگ آپریشن ( خفیہ ریکارڈنگ ) پر زبردست سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ راجیہ سبھا کے انتخابات میں ووٹ کے بدلے نوٹ دینے کیلئے ارکان اسمبلی سے معاملت کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن سے اس خصوص میں مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ دو خانگی نیوز چیانلوں پر کل سے اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو پیش کئے جانے کے بعد چیف منسٹر سدا رامیا کو پشیمان ہونا پڑا کیونکہ حکمران کانگریس پارٹی پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ راجیہ سبھا انتخابات میں کامیابی کیلئے ارکان اسمبلی بشمول جنتا دل ( سیکولر ) کو خریدنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم چیف منسٹر نے اپنی خفت مٹانے کیلئے یہ دعویٰ کیاکہ کانگریس پارٹی کبھی اس طرح کا کام نہیں کرسکتی لیکن بی جے پی اور جنتا دل ( سیکولر ) نے یہ الزام عائد کیا کہ ارکان اسمبلی کو لالچ دینے کی کوشش میں چیف منسٹر ملوث ہیں۔ ایک نیوز چینل پر پیش کردہ اسٹنگ آپریشن کے فوٹیج میں بتایا گیا ہے کہ جنتا دل ( ایس ) کے ایک رکن اسمبلی راجیہ سبھا امیدوار کی تائیدکیلئے کروڑروپئے کی رشوت طلب کررہے ہیں جبکہ دوسرے نیوز چینل پر بتایا گیا ہے کہ کانگریس امیدوار کے سی رام مورتی سے آزاد ایم ایل اے ووٹ کے بدلے اپنے حلقہ کی ترقی کیلئے حکومت سے خاطر خواہ فنڈس کی اجرائی کا اصرار کررہے ہیں۔ مذکورہ بات چیت کو ایک خفیہ کیمرہ میں قید کرلیا گیا تھا ۔ اسٹنگ آپریشن پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر اور سابق چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپانے سدا رامیا کو اس طرح کی سرگرمیوں کا معمار قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر بذات خود اس قضیہ میں ملوث ہیں تاہم جوابی حملہ کرتے ہوئے سدارامیا نے یاددہانی کروائی کہ ’ آپریشن کملا ‘ بھی یڈی یورپا کی ذہنی اختراع تھی جوکہ بی جے پی کے دور حکومت میں اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے استعمال کیا گیا تھا۔ آپریشن کملا کے تحت اپوزیشن کے بیشتر ارکان اسمبلی کو خرید لیا گیا اور بی جے پی کا ٹکٹ دیتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرلی گئی۔ دریں اثناء سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ چیف منسٹر سدا رامیا کا سیاسی کیریئر تو ہماری پارٹی ( جے ڈی ایس ) سے شروع ہوا تھا لیکن اب وہ اس پارٹی کا خاتمہ کردینا چاہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT