Tuesday , October 16 2018
Home / Top Stories / راجیہ سبھا کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کا اعلان

راجیہ سبھا کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کا اعلان

سنتوش کمار ، لنگیا یادو اور بی پرکاش کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر

حیدرآباد۔11مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ و صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نے مقننہ پارٹی اجلاس کے دوران راجیہ سبھا کی رکنیت کے لئے طئے کئے گئے پارٹی امیدواروں کا تعارف کروایا جو کہ پارٹی امیدواروں کا باضابطہ اعلان تصور کیا جا رہاہے ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے راجیہ سبھا کیلئے امیدواروں کے نام پر جاری تذبذب اس وقت ختم ہوا جب صدر ٹی آر ایس مسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے مقننہ پارٹی اجلاس کے دوران اپنے بھانجے سنتوش کمار کے علاوہ لنگیا یادو(نلگنڈہ) اور بنڈا پرکاش (ورنگل) کا راجیہ سبھا امیدوار کی حیثیت سے تعارف کروایا ۔تلنگانہ بھون میں چیف منسٹر کی آمد اور مقننہ اجلاس کے سبب گہما گہمی کے دوران جیسے ہی ارکان راجیہ سبھا کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تلنگانہ بھون جئے تلنگانہ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ چیف منسٹر کی جانب سے ان ناموں کے اعلان کے بعد تلنگانہ بھون میں زبردست آتشبازی کی گئی اور تینوں معلنہ امیدواروں کو مبارکبادیاں دی جانے لگیں۔ مسٹر سنتوش کمار نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیہ سبھا کیلئے انہیں امیدوار بنائے جانے پر چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹرنے تحریک تلنگانہ میں سرگرم افراد کو ان کی اہلیت کے مطابق ذمہ داریاں تفویض کی ہیں اور ہر شخص اپنے طور پر ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ مسٹر لنگیا یادو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تلنگانہ کے دوران چیف منسٹر نے سماجی انصاف پر مشتمل ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا اور وہ اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ انہوںنے بھی چیف منسٹرسے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دی گئی ذمہ داری کو وہ پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ مسٹر بنڈا پرکاش نے بھی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور تینوں امیدواروں نے تلنگانہ بھون کے احاطہ میں موجود ’’تلنگانہ تلی‘‘ کے مجسمہ کی گلپوشی کی ۔

TOPPOPULARRECENT