راجیہ سبھا کیلئے کانگریس ایم ایل ایز کی کراس ووٹنگ پر ہائی کمان برہم

پٹنہ ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں دو کانگریسی ایم ایل ایز کی جانب سے کراس ووٹنگ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے پارٹی کی ریاستی یونٹ سے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے تاکہ ایم ایل ایز کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کی جاسکے۔ کانگریس کے ریاستی نائب صدر اور میڈیا انچارج پریم چند مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ بہار کانگریس نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو بذریعہ ٹیلیفون کراس ووٹنگ کے بارے میں بتایا جس کے بعد ہائی کمان نے پی سی سی سربراہ اشوک چودھری کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں وہ ایک تحریری رپورٹ روانہ کریں تاکہ کراس ووٹنگ میں ملوث ایم ایل ایز کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کی جاسکے۔ بہار اسمبلی میں کانگریس کے چار ایم ایل ایز کے منجملہ دو ایم ایل ایز توصیف عالم اور آفاق عالم نے پارٹی کی ہدایت کو نظرانداز کرتے ہوئے آزاد امیدوار کے حق میں ووٹ دیا

جبکہ پارٹی ہائی کمان نے جے ڈی (یو) امیدوار کی تائید کرنے کی ہدایت کی تھی۔ توصیف عالم کشن گنج ڈسٹرکٹ میں بہادر گنج اسمبلی نشست کی اور آفاق عالم پڑوسی پورنیا ڈسٹرکٹ کے قصبہ نشست کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کانگریس ہائی کمان نے ان دونوں ایم ایل ایز کی کراس ووٹنگ کا سخت نوٹ لیا ہے۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ دونوں ایم ایل ایز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ بی جے پی کے منصوبوں پر پانی پھیرنے کیلئے کانگریس، آر جے ڈی اور سی پی آئی نے فیصلہ کیا تھا کہ راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے جے ڈی (یو) امیدوار کی تائید کی جائے لیکن کانگریس کے دونوں ایم ایل ایز کی جانب سے کراس ووٹنگ کے باوجود جے ڈی (یو) کے دونوں امیدوار سفارتکار سے سیاستداں بننے والے پون ورما اور غلام رسول بلیاوی انتخابات جیت گئے جہاں انہوں نے آزاد امیدوار انیل شرما اور صابر علی کو شکست دی۔

TOPPOPULARRECENT