Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / راج بھون میں 24 جون کو گورنر کی دعوت افطار

راج بھون میں 24 جون کو گورنر کی دعوت افطار

نظام کالج گراونڈ پر 26 جون کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی افطار پارٹی کی تیاریاں
حیدرآباد۔/18جون، ( سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن رمضان المبارک کے موقع پر 24جون کو مسلمانوں کیلئے راج بھون میںدعوت افطار کا اہتمام کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں راج بھون کے عہدیداروں نے شہر کی مذہبی، سماجی اور سیاسی اہم شخصیتوں کی فہرست محکمہ اقلیتی بہبود سے حاصل کی ہے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دعوت افطار 26 جون کو نظام کالج گراؤنڈ پر منعقد ہوگی جس کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود اور جی اے ڈی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس دعوت افطار میں 6000 افراد کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر، وزراء اور اہم شخصیتوں کیلئے علحدہ انکلوژر سیکورٹی انتظامات کے تحت تیار کیا جارہا ہے۔ حکومت نے چیف منسٹر کی دعوت افطار کے دن ریاست کے مسلمانوں کیلئے 14کروڑ روپئے کے رمضان پیاکیج پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 195 مساجد میں افطار، طعام اور غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے چیف منسٹر کی دعوت افطار اور اس دن ریاست بھر میں 195 مساجد میں افطار اور طعام کے انتظامات کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں۔ دو علحدہ جی اوز میں شہر اور اضلاع کی منتخب مساجد میں افطار اور طعام کے علاوہ غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم کی تفصیلات جاری کی گئیں۔ جی او کے مطابق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 100 منتخب مساجد میں 26 جون کو 1000 افراد کیلئے دعوت افطار اور طعام کا انتظام کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے منتخب مساجد کو فی کس 2 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ وقف بورڈ کے عہدیدار اور مساجد کمیٹیوں کے ذمہ دار ان انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کی 100 مساجد میں فی کس 1000 غریب خاندانوں کو رمضان کے تحفہ کے طور پر کپڑوں کے پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ اضلاع کے 95 اسمبلی حلقوں کے ہیڈکوارٹر پر ایک، ایک مسجد کا انتخاب کرتے ہوئے وہاں افطار اور طعام کا انتظام کیا جائے گا اور اس کے لئے وقف بورڈ متعلقہ ضلع کلکٹرس کو فی مسجد 2 لاکھ روپئے کے حساب سے بجٹ جاری کرے گا۔ مذکورہ 95 اسمبلی حلقوں کی 95 مساجد میں 95000 غریب خاندانوں کو کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ اس طرح شہر میں ایک لاکھ اور اضلاع میں 95ہزار غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ یتیم خانوں میں بھی 5ہزار بچوں کیلئے دعوت افطار، طعام اور کپڑوں کی تقسیم کا انتظام کیا جائے گا۔ حکومت نے جاریہ سال شیعہ فرقہ کی 6 اور مہدوی فرقہ کی 2 مساجد میں بھی افطار، طعام اور کپڑوں کی تقسیم کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے۔
شہر میں دعوت افطار اور طعام کیلئے 2کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے جبکہ ایک لاکھ خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم پر 9.75کروڑ کا خرچ آئے گا۔ اضلاع میں دعوت افطار، طعام اور کپڑوں کی تقسیم پر 1.90کروڑ کا خرچ آئیگا۔ یتیم خانوں میں افطار اور کپڑوں کی تقسیم کیلئے 35 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 14کروڑ روپئے کے خرچ کا تخمینہ کیا گیا ہے جس میں سے محکمہ فینانس نے 7.5کروڑ جاری کردیئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT